ایران جنگ نہیں چاہتا مگر دھمکیوں کا فیصلہ کن جواب دے گا، ایرانی جنرل
شیعیت نیوز : ایرانی مسلح افواج کے سینئر ترجمان جنرل ابوالفضل شکارچی نے امریکی صدر ٹرمپ کے حالیہ بیانات پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور وہم و گمان پر مبنی قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوری ایران کی مسلح افواج اپنی دفاعی اور جارحانہ صلاحیتوں پر مکمل انحصار رکھتے ہوئے، عوامی حمایت کے سائے میں خطے میں امریکی فوج اور صہیونی حکومت کی تمام نقل و حرکت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور ہر ممکن صورتحال کے لیے مکمل تیار ہیں۔
جنرل شکارچی نے خطے میں امریکی فوجی موجودگی کو نفسیاتی جنگ، دباؤ اور دھمکی کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر واشنگٹن حکام عقل و درایت سے کام لیں اور ایران کی حقیقی دفاعی طاقت کو سمجھیں تو وہ جنگ کی بات کرنے سے گریز کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران دشمنوں کی دھمکیوں میں نہیں آئے گا، ایرانی اہل سنت امام جمعہ
انہوں نے واضح کیا کہ امریکی فوج یا اس سے وابستہ دہشت گرد گروہوں کی کسی بھی اشتعال انگیزی کا جواب فیصلہ کن اور سخت ضرب کی صورت میں دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی ممکنہ تصادم کی صورت میں امریکی فوجیوں اور ان کے سازوسامان کو شدید نقصان ہوگا اور خطے میں امریکہ کے تمام مفادات ایرانی افواج کی زد میں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایران جنگ کا خواہاں نہیں، تاہم اگر جنگ مسلط کی گئی تو ملک اور قومی مفادات کے دفاع میں کوئی کوتاہی نہیں برتی جائے گی۔







