اسلام آباد مسجد دھماکہ اسلام اور انسانیت پر حملہ ہے، مجرموں کو فوری سزا دی جائے، مجمع علماء ہندوستان

07 فروری, 2026 19:36

شیعیت نیوز : مجمعِ علماء و خطباء، حیدرآباد نے اسلام آباد میں شیعہ مسجد خدیجۃ الکبریٰ میں نماز جمعہ کے دوران ہونے والے دلخراش دہشت گردانہ حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

بیان کا مکمل متن اس طرح ہے:

بسم اللّٰه الرحمٰن الرحیم

مجمعِ علماء و خطباء، حیدرآباد، اسلام آباد میں ایک شیعہ مسجد میں نمازِ جمعہ کے دوران ہونے والے بزدلانہ دہشت گردانہ حملے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے، جس کے نتیجے میں 50 سے زائد معصوم نمازی شہید اور 100 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔

یہ سفاکانہ کارروائی نہ صرف بے گناہ انسانوں کے خون سے کھیلنے کے مترادف ہے بلکہ اسلام، انسانیت اور دینی اقدار پر کھلا حملہ ہے۔ اللہ کے گھر میں، عبادت کے مقدس لمحوں میں، عبادت گزاروں کو نشانہ بنانا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ یہ دہشت گرد عناصر کسی دین و مذہب سے کوئی تعلق نہیں رکھتے اور ان کا اسلام سے کوئی واسطہ نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مسلمانوں کا مسجد کے ساتھ رابطہ ضروری ہے: آیت الله حافظ ریاض نجفی

اسلام امن، رواداری اور احترامِ انسانیت کا دین ہے، جبکہ اس قسم کی دہشت گردی صریحاً غیر اسلامی، غیر انسانی اور قابلِ نفرت جرم ہے۔

ہم اس اندوہناک سانحے میں شہید ہونے والے مؤمنین کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور دعا گو ہیں کہ اللہ ان تمام شہداء کو شہدائے کربلا کے ساتھ محشور فرمائے اور زخمیوں کی جلد و مکمل شفایابی کے لیے بارگاہِ الٰہی میں دعا گو ہیں۔

مجمعِ علماء و خطباء، حیدرآباد، متعلقہ حکام سے مطالبہ کرتا ہے کہ:

  • اس دلخراش حملے میں ملوث تمام مجرموں اور سہولت کاروں کو فوری طور پر گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے
  • عبادت گاہوں کے تحفظ کے لیے موثر اور سخت حفاظتی اقدامات کیے جائیں
  • دہشت گردی اور فرقہ وارانہ نفرت کے خاتمے کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات عمل میں لائے جائیں

ہم شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور امن، اتحاد اور باہمی اخوت کے اپنے عزم کو دہراتے ہیں۔

مجمعِ علماء و خطباء، حیدرآباد اِنّا لِلّٰهِ وَاِنّا اِلَیہِ رَاجِعُون

5:12 صبح مارچ 7, 2026
بریکنگ نیوز:
Scroll to Top