بین الاقوامی ادارہ الباقر کے وفد کی سینٹر علامہ راجا ناصر عباس جعفری سے ملاقات، اپوزیشن لیڈر بننے پر مبارکباد
شیعیت نیوز : بین الاقوامی ادارہ الباقر کے وفد نے اسلام آباد میں سینیٹ آف پاکستان کے اپوزیشن لیڈر سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور انہیں اس اہم آئینی و جمہوری منصب پر فائز ہونے پر دلی مبارکباد پیش کی۔
اس موقع پر ادارہ الباقر کے سربراہ علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی کی جانب سے سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس کے نام خصوصی مبارکبادی پیغام بھی پیش کیا گیا، جس میں ان کی اصولی سیاست، فکری استقامت اور عوامی و دینی مسائل پر جرات مندانہ موقف کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور اس امید کا اظہار کیا گیا کہ وہ اپوزیشن لیڈر کی حیثیت سے ایوانِ بالا میں مؤثر، باوقار اور قومی مفادات پر مبنی کردار مزید قوت سے جاری رکھیں گے۔
وفد نے سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس کی پارلیمانی خدمات، مظلومین بالخصوص فلسطین و کشمیر کے حوالے سے واضح اور دوٹوک موقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت اپوزیشن کے کردار کو مزید مضبوط کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں : بھارت سرکار امریکہ اور اسرائیل کے بجائے ایران کے ساتھ مضبوط روابط استوار کرے، ہندوستانی علماء اور اسکالرز کا حکومت سے مطالبہ
بین الاقوامی ادارہ الباقر کے وفد میں پاکستان چیپٹر کے منتظم اعلیٰ ظفر حسین، تعلقاتِ عامہ کے ڈائریکٹر علامہ ڈاکٹر سید جاوید حسین شیرازی، ڈائریکٹر ادارہ جات سید تصور حسین شیرازی جبکہ ادارہ کے شعبہ تبلیغات (مجلس علماء امامیہ) کے سرگودھا ریجن کے مسؤول مولانا سرفراز حسینی شامل تھے۔
ملاقات کے دوران ملکی سیاسی صورتحال، خطے میں درپیش چیلنجز، دینی و سماجی اداروں کے کردار اور علمی و فکری سرگرمیوں کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ وفد نے بین الاقوامی ادارہ الباقر کی تبلیغی، علمی، تحقیقی اور سماجی خدمات سے بھی آگاہ کیا۔
سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس نے وفد اور ادارہ کے سربراہ علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس ذمہ داری کو ایک قومی امانت سمجھتے ہیں اور ایوانِ بالا میں عوامی حقوق، جمہوری اقدار اور قومی خودمختاری کے تحفظ کے لیے بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔







