پاکستانی عوام ایران کے ساتھ ہیں، امریکہ کی دھمکیاں اور جنگی بحری بیڑے ناکام رہیں گے، علامہ حافظ سید ریاض حسین نجفی

30 جنوری, 2026 16:07

شیعیت نیوز: وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر علامہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر رضا امیری مقدم سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور اتفاق پایا گیا کہ پاکستان اور ایران ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں، ہمارے دشمن اور دوست مشترکہ ہیں۔

ملاقات میں علامہ مرید حسین نقوی، ڈاکٹر سید محمد نجفی اور مولانا لعل حسین خان توحیدی بھی موجود تھے۔

حافظ ریاض نجفی نے کہا کہ پاکستانی عوام ایرانی حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں، دشمن ناکام رہے گا، امریکہ دباؤ کے حربے کے طور پر جنگی بحری بیڑے بھیج رہا ہے اور جنگ کی دھمکیاں دے رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایران نے مصر کو اطلاع دی ہے کہ امریکی شرائط ناقابل قبول ہیں، وال اسٹریٹ جرنل

انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم اللہ سے ڈرتی ہے، وہ کسی اور سے خوفزدہ نہیں ہو سکتی، ایران نے پہلے بھی امریکہ کا مقابلہ کیا اور اللہ تعالیٰ نے فتح و نصرت عطا فرمائی۔ ان کا کہنا تھا کہ انقلاب اسلامی کے قیام ہی سے ایران امریکی استبداد کا مقابلہ کرتا چلا آ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات کسی سے پوشیدہ نہیں کہ امریکہ اسرائیل کا سب سے بڑا سرپرست اور فلسطینیوں کی نسل کشی میں برابر کا مجرم ہے، اسی لیے وہ ایران کو فلسطین کی حمایت سے ہٹانا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام، حکومت اور سائنسدان کامیاب ہوں گے، کسی صورت ایران اپنے مقاصد سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔

ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے حافظ ریاض نجفی کی آمد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایران، پاکستانی حکومت اور عوام کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کا عالمی حالات پر موقف ایک ہے اور صدیوں پرانے برادرانہ تعلقات بھی ہیں۔ ان شاء اللہ ان تعلقات میں مزید مضبوطی پیدا ہوگی۔

1:57 صبح مارچ 7, 2026
بریکنگ نیوز:
Scroll to Top