رہبر معظم انقلاب کی قیادت اسلامی نظام کا مضبوط حصار ہے: مولانا سید احمد علی عابدی

29 جنوری, 2026 13:18

شیعیت نیوز : حجت الاسلام والمسلمین مولانا سید احمد علی عابدی، امام جمعہ ممبئی اور ہندوستان میں آیت اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی کے وکیل، نے ایران میں حالیہ افسوسناک واقعات اور بعض بے گناہ شہریوں کی شہادتوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایک تفصیلی بیان جاری کیا ہے۔

انہوں نے بیان میں کہا کہ ایران کے موجودہ حالات نہایت تکلیف دہ اور افسوسناک ہیں۔ شہادتوں سے متعلق جو خبریں سامنے آئی ہیں، وہ ہر شخص کو رنجیدہ کر دینے والی ہیں۔ انتہائی افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ یہ مظلوم ایرانی شہری منافقین کے ہاتھوں شہید ہوئے۔

مولانا عابدی نے کہا کہ جب سے انقلابِ اسلامی وجود میں آیا ہے، استکباری طاقتیں، بالخصوص امریکہ اور اس کے اتحادی، کسی بھی صورت میں اس اسلامی نظام کو کامیاب دیکھنا نہیں چاہتے۔ انہوں نے مختلف حیلوں اور بہانوں سے پابندیاں عائد کیں اور ہر ممکن طریقے سے یہ کوشش کی کہ اس نظام کو کمزور کیا جائے یا اس کا تختہ الٹ دیا جائے، لیکن ہر مرتبہ انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ایران کو ابتدا ہی سے امامِ وقت ارواحنا فداہ کی سرپرستی حاصل رہی ہے اور آج بھی یہ سرپرستی پوری قوت کے ساتھ موجود ہے۔ حالیہ واقعات اگرچہ افسوسناک اور تشویش ناک ہیں، مگر یہ حقیقت بھی واضح ہوتی جا رہی ہے کہ منافقین اور دینِ اسلام کے دشمن کس منظم انداز میں اسلامی حکومت کو کمزور کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : امریکی حملے کی صورت میں میدان میں انٹری ہوگی، حزب اللہ

مولانا سید احمد علی عابدی نے زور دیا کہ وقت گزرنے کے ساتھ پردے اٹھیں گے اور یہ حقیقت سب پر آشکار ہو جائے گی کہ ان واقعات کے پیچھے کتنی گہری اور منظم سازشیں کارفرما تھیں، اور یہ کہ ایرانی نام رکھنے والے بہت سے عناصر درحقیقت ایران اور ایرانی قوم سے کوئی حقیقی تعلق نہیں رکھتے تھے۔

انہوں نے انقلابِ اسلامی کی بنیاد مرجعیت اور رہبریت پر استوار ہونے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اہلِ بیت علیہم السلام کے چاہنے والوں کے دلوں میں مرجعیت کی گہری جڑیں ہیں، اور ہر شیعہ دل کی گہرائی سے اس سے وابستہ ہے اور اس کا احترام کرتا ہے، کیونکہ مرجعیت کو اہلِ بیت علیہم السلام کی نیابت اور نمائندگی سمجھا جاتا ہے۔ اسی لیے اس مقدس مقام پر ہونے والا ہر حملہ ناقابلِ قبول ہے۔

مولانا عابدی نے کہا کہ آج بھی ایران جن خطرناک حالات سے محفوظ ہے، اس کی بنیادی وجہ رہبرِ انقلاب کی بصیرت افروز قیادت اور حکیمانہ رہنمائی ہے۔ یہی رہبریت ہے جس نے ایران کو سازشوں کے دلدل سے نکالا اور استکباری طاقتوں کو مؤثر اور منہ توڑ جواب دیا۔

انہوں نے دشمنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس مضبوط ستون کو کمزور کرنے کے خواب دیکھ رہے ہیں، مگر ان شاء اللہ وہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گے:

آہوں سے سوزِ عشق مٹایا نہ جائے گا پھونکوں سے یہ چراغ بجھایا نہ جائے گا

آخر میں مولانا سید احمد علی عابدی نے دعا کی کہ خداوندِ متعال رہبرِ انقلابِ اسلامی کی حفاظت فرمائے، انہیں طولِ عمر اور عافیت عطا کرے، اسلام اور امتِ مسلمہ کو ان کے وجود سے مستفید رکھے، دشمنانِ اسلام کو نیست و نابود کرے اور اس مقدس اسلامی نظام کو قیامت تک باقی و قائم رکھے۔

6:54 صبح مارچ 7, 2026
بریکنگ نیوز:
Scroll to Top