نئے کرنسی نوٹوں کا اجراء، کیا پرانے نوٹ قابل استعمال ہوں گے یا نہیں؟؟؟
شیعیت نیوز: حکومت پاکستان کی جانب سے نئے کرنسی نوٹوں کے اجرا کے حوالے سے عوام کے لیے اہم وضاحت سامنے آ گئی ہے، کہ نئے نوٹ آنے کے بعد بھی پرانے کرنسی نوٹ فوری طور پر ختم نہیں ہوں گے، بلکہ مرحلہ وار ختم کئے جائیں گے۔ حکومتِ پاکستان نے 10 روپے سے لے کر 5000 روپے تک کے کرنسی نوٹ نئے ڈیزائن اور جدید سیکیورٹی فیچرز کے ساتھ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پہلی مرتبہ پلاسٹک (پولیمر) کرنسی نوٹ متعارف کرانے پر بھی کام جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق پرانے نوٹ ایک مخصوص مدت تک قابلِ استعمال رہیں گے اور انہیں مرحلہ وار تبدیل کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان ایران کی صلاحیت اور ان کے بحران سے نمٹنے کی طاقت پر پورا اعتماد رکھتا ہے، پاکستانی دفتر خارجہ
نوٹوں کی تبدیلی کے لیے اسٹیٹ بینک سمیت تمام بینکوں کو واضح ٹائم لائن دی جائے گی، جس کے دوران شہری اپنے پرانے نوٹ بینکوں میں جمع کرا کر نئے نوٹ حاصل کر سکیں گے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ نئے ڈیزائن کے حامل کرنسی نوٹ رواں سال 2026 کے دوران مارکیٹ میں آ جائیں گے۔ ملک میں اس وقت تقریباً 10 ہزار 260 ارب روپے مالیت کی کرنسی گردش میں ہے، جس کے پیش نظر حکومت تمام بینکوں کو پرانے نوٹوں کی تبدیلی کے لیے جامع ہدایات جاری کرے گی۔ حکام کے مطابق نئے کرنسی نوٹ سکیورٹی کے لحاظ سے زیادہ مضبوط ہوں گے اور ان سے ملک میں مالی لین دین کو مزید آسان اور محفوظ بنانے میں مدد ملے گی۔







