پاکستان ایران کی صلاحیت اور ان کے بحران سے نمٹنے کی طاقت پر پورا اعتماد رکھتا ہے، پاکستانی دفتر خارجہ

16 جنوری, 2026 20:01

شیعیت نیوز : ایران میں حالیہ احتجاج کی بنیادی وجہ شہریوں کے معاشی مسائل ہیں، جو بین الاقوامی پابندیوں کے باعث مزید شدت اختیار کر گئے ہیں۔ پاکستان نے ایران میں حالیہ صورتِ حال پر اپنا سرکاری مؤقف جاری کر دیا ہے۔

وزارتِ خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں کہا کہ پاکستان ایران کے معاملات کو نہایت احتیاط اور گہرائی سے دیکھ رہا ہے۔ انہوں نے ایران کو ایک اہم پڑوسی اور بین الاقوامی برادری میں ایک بااثر ملک قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں : غزہ میں نیا اسرائیلی حملہ جنگ بندی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہے: حماس

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کو امید ہے کہ ایران میں امن و استحکام برقرار رہے گا اور موجودہ کشیدگی کے تمام مسائل کا پُرامن حل تلاش کیا جائے گا۔ پاکستان نے اس حوالے سے ہر اُس کوشش کی حمایت کا اعادہ کیا جو خطے میں استحکام کا باعث بنے۔

پاکستانی مؤقف میں واضح کیا گیا ہے کہ ایران میں حالیہ احتجاج کی بنیادی وجہ شہریوں کو درپیش معاشی مشکلات ہیں، جو بین الاقوامی پابندیوں کے باعث مزید بڑھ گئی ہیں۔ پاکستان نے ایرانی حکومت کی جانب سے معاشی امدادی اقدامات کی حمایت کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان اقدامات سے عوام کے حالات میں بہتری آئے گی۔

اسلام آباد نے ایرانی قوم کی صلاحیتوں پر پختہ یقین کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی عوام اپنی شاندار تاریخ اور ثقافت کی بنیاد پر ان مشکلات پر قابو پا کر مزید مضبوط ہو کر ابھریں گے۔

پاکستان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ایران کا استحکام خود ایران کے مفاد میں ہے اور پاکستان ایرانی عوام اور قیادت کی دانشمندی، تدبر اور بصیرت پر مکمل اعتماد رکھتا ہے۔

4:53 صبح مارچ 7, 2026
بریکنگ نیوز:
Scroll to Top