افغانی دہشت گرد "پڑوچکی” کی اسلام آباد میں یونیورسٹی پر حملے کی دھمکی، ایم ڈبلیو ایم ترجمان کا سکیورٹی اداروں سے فوری نوٹس کا مطالبہ
شیعیت نیوز : ترجمان مجلس وحدت مسلمین پاکستان سید محسن شہریار نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی زیرِ تعمیر یونیورسٹی کو کالعدم دہشت گرد تنظیم تحریک طالبان پاکستان سے وابستہ ایک دہشت گرد کی جانب سے نشاندہی کرتے ہوئے اس کی تصویر سوشل میڈیا پر جاری کیے جانے کے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ہائی الرٹ سکیورٹی، درجنوں پولیس ناکوں اور سخت حفاظتی دعوؤں کے باوجود ایک ہائی پروفائل دہشت گرد کا وفاقی دارالحکومت میں داخل ہونا، حساس مقامات تک بلا روک ٹوک پہنچنا اور باقاعدہ تصاویر بنا کر سوشل میڈیا پر جاری کرنا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر ایک سنگین سوالیہ نشان ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ٹی ٹی پی کاظم گروپ کے افغانی دہشت گرد “پڑوچکی” کی سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس کی زیر تعمیر یونیورسٹی کو نشانہ بنانے کی دھمکی
انہوں نے واضح کیا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان ہر قسم کی فرقہ وارانہ، لسانی اور نسلی تقسیم کی سخت مخالفت کرتی ہے اور آئینِ پاکستان کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور عوامی حقوق کے تحفظ کی جدوجہد سے کسی صورت ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔
ترجمان نے مطالبہ کیا کہ اسلام آباد پولیس اور متعلقہ سکیورٹی ادارے اس سنگین واقعے کا فوری اور سخت نوٹس لیں، ملوث دہشت گرد عناصر کو بے نقاب کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سمیت تمام عوامی نمائندوں اور شہریوں کو مؤثر اور یقینی سکیورٹی فراہم کی جائے۔







