امت مسلمہ کی اصل طاقت اتحاد اور اخوت ہے، شیخ زاہد حسین زاہدی
شیعیت نیوز : انجمنِ امامیہ بلتستان کے سینئر نائب صدر حجت الاسلام شیخ زاہد حسین زاہدی نے ہفتۂ وحدت کے موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ امتِ مسلمہ کی اصل طاقت اتحاد میں ہے، تفرقہ میں نہیں۔
انہوں نے قرآن کریم کی آیت "وَاعْتَصِمُوا بِحَبْلِ اللَّهِ جَمِيعًا وَلَا تَفَرَّقُوا” کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہی آیت کریمہ ہمارے لیے وہ ابدی منشور ہے جس پر چل کر امتِ مسلمہ عزت و سربلندی حاصل کر سکتی ہے۔
ہفتۂ وحدت دراصل اس بات کی یاد دہانی ہے کہ ہماری اصل پہچان رسولِ اکرم صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کی امت ہونا ہے۔ ہماری طاقت ہماری تعداد میں نہیں، بلکہ ہمارے اتحاد میں ہے۔ استکبار و استعمار نے ہمیشہ ہمیں باہمی اختلافات میں الجھا کر کمزور کرنے کی کوشش کی، لیکن اگر ہم قرآن اور سیرتِ محمد و آل محمدؑ سے وابستہ رہیں تو دنیا کی کوئی طاقت ہمیں شکست نہیں دے سکتی۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کا سخت ردعمل: جاپان–آسٹریلیا کا مشترکہ بیان جانبدار اور ناقابل قبول قرار
انہوں نے کہا کہ امام خمینیؒ نے اسی حکمت کو مدنظر رکھتے ہوئے 12 تا 17 ربیع الاول کے ایام کو "ہفتۂ وحدت” قرار دیا تاکہ شیعہ و سنی سب مل کر رسول اللہ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم کے میلاد باسعادت کو وحدت و اخوت کے ساتھ منائیں اور پوری دنیا کو یہ پیغام دیں کہ مسلمان ایک ہیں، ان کا خدا ایک ہے، ان کا رسول ایک ہے اور ان کا قرآن ایک ہے۔
انہوں نے آخر میں کہا کہ پس آئیے! ہم سب اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں، فرقہ واریت سے بالاتر ہو کر دشمنانِ اسلام کے مقابلے میں ایک صف میں کھڑے ہوں اور اپنے عمل سے یہ ثابت کریں کہ "وحدت ہماری طاقت ہے اور تفرقہ ہماری کمزوری۔”







