میلاد پیغمبر (ص) کا جشن منانے کے ساتھ ان کی تعلیمات کو بھی مدنظر رکھا جائے، علامہ ساجد علی نقوی
شیعیت نیوز : علامہ سید ساجد علی نقوی نے ہفتہ وحدت کی آمد پر تبریک پیش کرتے ہوئے کہا کہ پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات مبارک تمام اعلیٰ و ارفع اوصاف و کمالات کا مجموعہ ہے اور ان کی سیرت طیبہ اُمت محمدی بلکہ پوری انسانیت کیلئے نمونہ عمل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میلاد خاتم الانبیاء صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا جشن بھرپور طریقے سے منانے کے ساتھ ساتھ ان کی تعلیمات کو بھی مدنظر رکھا جائے، اور ہر شعبۂ زندگی میں پیدا ہونے والے بگاڑ کو پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت کی روشنی میں درست کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں : علما و روحانیت؛ اتحاد، وحدت اور سماجی سکون کے ضامن
علامہ سید ساجد نقوی نے کہا کہ حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حیات طیبہ اور ان کا سیرت و کردار ہمیں یہ سکھاتے ہیں کہ ان کی تعلیمات کی روشنی میں اتحاد و وحدت کو فروغ دیں، نظام کی خامیوں کو دور کریں اور ملک کو ایک حقیقی فلاحی مملکت بنائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب ہمارا عقیدہ ہے کہ ہم سب کا ایک خدا، ایک رسول، ایک قرآن اور ایک کعبہ ہے تو ہمیں چاہیے کہ فروعی نوعیت کے اختلافات کو علمی سطح پر مہذب انداز اور شائستگی کے ساتھ حل کریں۔
علامہ سید ساجد نقوی نے زور دیا کہ ہمارے مراجع کرام اور آیات عظام نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی مسلک کے مقدسات کی توہین ممنوع ہے۔ ملت مسلمہ وحدت کا عملی مظاہرہ کرکے یہ ثابت کرے کہ وہ درحقیقت اُمت واحدہ ہے۔







