سیلابی صورتحال: پنجاب اور کے پی میں لاکھوں افراد متاثر، 409 کیمپس قائم
شیعیت نیوز : ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ 409 فلڈ کیمپس قائم ہوچکے ہیں، جن میں تمام سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، 25 ہزار سے زائد لوگ ان کیمپوں میں رہ رہے ہیں۔
پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق، ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ اب تک سیلاب سے متاثرہ 14 لاکھ سے زائد لوگوں اور 10 لاکھ جانوروں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے، سیلاب سے اب تک 46 لوگ جاں بحق ہو چکے ہیں اور 17 بریچنگ پوائنٹ نوٹیفائی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : علما و روحانیت؛ اتحاد، وحدت اور سماجی سکون کے ضامن
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں سیلابی صورتحال کے حوالے سے تین وارننگز ملیں۔ گزشتہ رات چناب میں سیلابی صورتحال کی وجہ سے بہت بڑا چیلنج تھا اور اس وقت بھی چناب میں پانی کی سطح برقرار ہے، جس سے پہلے سے متاثر اضلاع دوبارہ متاثر ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ دریائے ستلج میں گزشتہ دو ماہ سے سیلاب آیا ہوا ہے، جبکہ راوی میں جسر کے مقام پر پانی میں کچھ اضافہ ہوا ہے۔ اگلے 72 گھنٹوں میں بھارت کے تین ڈیم فل ہوں گے جبکہ تھین ڈیم پہلے ہی بھر چکا ہے۔
عرفان علی کاٹھیا نے مزید کہا کہ آئندہ دو سے تین ہفتوں میں دریائے راوی میں پانی بڑھتا رہے گا۔ اگرچہ صورتحال پہلے جیسی نہیں ہوگی لیکن پانی میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ خانیوال کے 136 اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے 75 دیہات متاثر ہوئے ہیں۔







