اہم ترین خبریںایرانسعودی عرب

آیت اللہ اعرافی کی شیخ عبدالکریم العیسی سے ملاقات، اسلامی مذاہب کے درمیان تقریب پر زور

رابطة العالم الاسلامی کے جنرل سیکرٹری نے شیعہ علمی صلاحیتوں کو سراہا، انتہا پسندی کے مقابلے پر گفتگو

شیعیت نیوز : حوزہ علمیہ کے سربراہ آیت اللہ علیرضا اعرافی نے ملائیشیا میں منعقدہ دوسری بین الاقوامی کانفرنس "انسانی تنازعات کے حل میں مذہبی رہنماؤں کا کردار” میں شرکت کے دوران رابطة العالم الاسلامی کے جنرل سیکرٹری شیخ محمد بن عبدالکریم العیسی سے ملاقات کی اور مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔

رپورٹ کے مطابق شیخ عبدالکریم العیسی نے ملائیشیا میں مذہبی رہنماؤں کی کانفرنس میں حوزہ علمیہ کی شرکت کو سراہا اور آیت اللہ اعرافی کے نقطہ نظر اور آراء پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اسلامی مذاہب کے درمیان تقریب کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ شیعہ علمی مصادر اور شخصیات سے واقف ہیں اور شہید صدر و شہید مطہری جیسے علماء سے استفادہ کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شیعہ علماء کی فقہی اور اصولی صلاحیتیں پوری امت کے لیے سرمایہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ترکی نے اسرائیلی بحری و فضائی راستے بند کر دیے، ترک وزیر خارجہ

رابطة العالم الاسلامی کے جنرل سیکرٹری نے اسلامی دنیا میں انتہا پسندی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ مسئلہ اہل سنت اور شیعہ دونوں حلقوں میں موجود ہے اور اس کا واحد حل معتدل اسلام کی طرف رجوع ہے۔

انہوں نے حوزہ علمیہ کی علمی پیشرفت اور مختلف میدانوں میں ترقی کو سراہتے ہوئے اسلامی ممالک کے درمیان وحدت اور مذاہب کے درمیان تقریب پر زور دیا۔

ملاقات میں آیت اللہ اعرافی نے حوزہ علمیہ کی کامیابیوں اور موجودہ صورتِ حال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ایران اور حوزہ علمیہ میں موجود علمی و فکری صلاحیتیں پوری اسلامی دنیا کے لیے ایک قیمتی سرمایہ ہیں۔ انہوں نے اسلامی تعاون کے امکانات کو وسیع قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران اور سعودی عرب اسلامی دنیا کے دو اہم اور مؤثر ممالک ہیں اور بعض اختلافات کے باوجود ان کے درمیان تعلقات کا فروغ امت مسلمہ کے مفاد میں ہے۔

آیت اللہ اعرافی نے مزید کہا کہ حوزہ علمیہ اسلامی علوم، انسانی و فلسفی مطالعات، اخلاقی اور تربیتی علوم میں نمایاں صلاحیت رکھتا ہے، جو امت مسلمہ کے لیے انتہائی مفید ثابت ہو سکتی ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button