ایئر ایران کی پہلی پرواز 7 اگست کو کوئٹہ پہنچے گی، ویزہ اجراء تیار
شیعیت نیوز : کوئٹہ میں تعینات اسلامی جمہوریہ ایران کے قائمقام قونصل جنرل علی رضا رجائی نے اعلان کیا ہے کہ زائرین کرام کے لیے ایئر ایران کی پہلی پرواز 7 اگست کو کوئٹہ پہنچ جائے گی۔
انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ زائرین کے مسائل کو حل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ ہم پاکستانی قوانین کے پابند ہیں اور متعلقہ حکام کی منظوری کے بعد فوری طور پر ویزہ جاری کر دیں گے۔
قائم مقام قونصل جنرل نے بتایا کہ کوئٹہ میں امور خارجہ کے اسسٹنٹ پروٹوکول افسر سے ایرانی پروازوں کے حوالے سے بات چیت کی گئی اور انہیں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ پرواز کل کوئٹہ آئے گی، جس کے بعد زائرین کو بہتر سہولیات مہیا کی جا سکیں گی۔
یہ بھی پڑھیں : اربعین: زائرین کی خدمت کے لیے 9000 ٹن کولنگ، 3700 صنعتی کولرز، اور ہزاروں مربع میٹر پر جدید سہولیات کی فراہمی جاری
ان کا کہنا تھا کہ ایرانی قونصل خانہ گورنر ہاؤس اور دیگر اداروں سے بھی رابطے میں ہے تاکہ اگر زائرین بائی روڈ سفر نہ کر سکیں تو ہوائی سفر کا آپشن فراہم کیا جا سکے۔ اگر کوئی سرکاری نوٹ موصول ہوتا ہے تو ہم فوری عمل کریں گے، ویزہ جاری کرنا ہمارے لیے کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔
علی رضا رجائی نے واضح کیا کہ ہم پاکستانی حکومت کے قوانین اور عزت کا مکمل خیال رکھتے ہیں۔ ہمارا رویہ مکمل طور پر تعاون پر مبنی ہے۔ سوشل میڈیا پر کچھ غلط فہمیاں پھیلائی گئیں، جو درست نہیں تھیں۔ ہم صرف مجاز حکام کی ہدایات پر عمل کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ زائرین کی تمام فہرستیں متعلقہ حکام کو ارسال کر دی گئی ہیں اور اب منظوری کا انتظار ہے۔ کچھ عناصر اس موقع سے غلط فائدہ اٹھانا چاہتے تھے، لیکن ہمارا طریقہ کار دوستانہ تعامل اور پروٹوکول پر مبنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ایئر ایران کی پہلی پرواز کامیاب رہی تو بڑی پروازیں بھی شروع کی جا سکتی ہیں، تاکہ زائرین کو فوری سہولیات دی جا سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ شیخ ولایت حسین جعفری سے بھی رابطہ ہے اور زائرین کی فہرست ان کے توسط سے متعلقہ اداروں کو بھی دی جا چکی ہے۔ جیسے ہی منظوری ملے گی، ویزے جاری کر دیے جائیں گے۔







