پاکستانی زائرین کی سفرِ عشق کی امیدیں دم توڑ گئیں، اگلے 15 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ
شیعیت نیوز: حکومت بلوچستان کی جانب سے جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ 15 دن کے لیے ڈبل سواری پر پابندی ہوگی، اسی طرح کالے شیشوں والی گاڑیوں اور اسلحے کی نمائش پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس حکم نامے کی رو سے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ 26 جولائی کو کوئٹہ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق خصوصی اجلاس ہوا تھا۔
وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے امن و امان کی مجموعی صورتحال اور سیکیورٹی اقدامات پر بریفنگ دی تھی، صوبائی ایکشن پلان پر عمل درآمد اور اس میں درپیش رکاوٹوں کا جائزہ لیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی تا ریمدان مارچ کا اعلان، زائرین پر پابندی کسی صورت قبول نہیں: سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا تھا کہ ریاستی رٹ چیلنج کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بلوچستان حکومت کی مکمل سپورٹ جاری رکھیں گے۔
اجلاس میں اتفاق کیا گیا تھا کہ پاکستان دشمن عناصر کے لیے زمین تنگ کر دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا تھا کہ یہ جنگ سیکیورٹی فورسز کی نہیں بلکہ پوری قوم کی جنگ ہے۔
اب صوبے بھر میں اگلے 15 روز کے لیے دفعہ 144 کے نفاذ سے زمینی بارڈر کھلنے کے امکانات تقریباً ختم ہو چکے ہیں۔







