فتنہ الہندوستان کے سہولت کاروں کا انجام قریب ہے: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی
شیعیت نیوز : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت بلوچستان کے امن و امان سے متعلق خصوصی اجلاس کا انعقاد کوئٹہ میں ہوا، جس میں فتنہ الہندوستان کے خلاف مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔
وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں منعقدہ اجلاس میں انسپکٹر جنرل پولیس، آئی جی ایف سی نارتھ، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی، ڈی آئی جی اسپیشل برانچ، ڈی جی لیویز، محکمہ داخلہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے وفاقی وزیر محسن نقوی کو امن و امان کی مجموعی صورتحال اور سکیورٹی اقدامات پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں صوبائی ایکشن پلان پر عملدرآمد اور اس میں درپیش رکاوٹوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : غزہ سے پاکستان تک مظلوموں کی حمایت، عالمی استکبار کے خلاف ڈٹنے کا وقت ہے: علامہ مقصود ڈومکی
اس موقع پر وفاقی وزیر محسن نقوی نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کا انجام عبرتناک موت ہے۔ بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو انجام تک پہنچائیں گے۔ ریاستی رٹ چیلنج کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بلوچستان حکومت کی مکمل حمایت جاری رکھیں گے۔
اس موقع پر وفاق اور صوبائی حکومت نے اتفاق کیا کہ پاکستان دشمن عناصر کے لئے زمین تنگ کر دی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ جنگ صرف سکیورٹی فورسز کی نہیں بلکہ پوری قوم کی جنگ ہے۔ سب ورژن اور دہشتگردی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن کے قیام کے لئے ریاستی ادارے مکمل ہم آہنگی سے سرگرم ہیں۔ سکیورٹی فورسز اور عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ ہر قیمت پر امن قائم کریں گے۔







