رہبر معظم انقلاب حسینی مشن کے وارث ہیں، حوزہ علمیہ کے جید استاد حسینی گرگانی
امام حسینؑ کا نظام تربیت آج بھی جاری ہے، حوزہ علمیہ قم کے استاد کا علماء سے خطاب

شیعیت نیوز: حوزہ علمیہ قم کے جید استاد، سید میر تقی حسینی گرگانی نے اعلیٰ سطحی اساتذہ و فضلاء کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے تعلیم و تربیت اور روحانیت کی ذمہ داریوں پر جامع گفتگو کی۔ انہوں نے حضرت امام حسین علیہ السلام کے نظامِ تربیت کو دنیا کا منفرد اور کامل نظام قرار دیتے ہوئے کہا کہ:
"امام حسینؑ کا قیام صرف 61 ہجری کے عاشورا تک محدود نہیں، بلکہ ایک ایسا تسلسل ہے جو آج بھی جاری و ساری ہے۔ یہ انسان سازی کا وہ نظام ہے جس میں دنیا کے بہترین انسان تربیت پاتے ہیں اور سعادت و کمال کی راہ پر گامزن ہوتے ہیں۔”
استاد گرگانی نے زور دیا کہ امام حسینؑ کا پیغام اور مشن وقت کے ساتھ ماند نہیں پڑا، بلکہ رہتی دنیا تک قائم رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں: رہبر انقلاب کی قیادت ایرانی فتح کی ضمانت بنی، سید حسن خمینی کا بارہ روزہ جنگ پر تبصرہ
انہوں نے اسلامی انقلاب ایران اور رہبر معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ سید علی خامنہ ای (حفظہ اللہ) کو اسی حسینی مشن کا وارث قرار دیا۔ ان کے بقول:
"آج رہبر معظم انقلاب، اسی راستے پر گامزن ہیں جس پر حضرت سید الشہداءؑ چلے تھے۔ اسلامی ایران، شہداء کے پاکیزہ خون اور حسینی تحریک کی پیروی کی بدولت کربلا کے کارواں کو آگے بڑھا رہا ہے۔”
انہوں نے عصر حاضر میں اسلامی قیادت کو نشانہ بنانے والی قوتوں کی مذموم کوششوں پر بھی روشنی ڈالی اور قرآنی آیہ مبارکہ (الصف: 8) کا حوالہ دیتے ہوئے کہا:
"یُرِیدُونَ لِیُطْفِئُوا نُورَ اللَّهِ بِأَفْوَاهِهِمْ وَاللَّهُ مُتِمُّ نُورِه”
"یہ لوگ چاہتے ہیں کہ اللہ کے نور کو اپنی پھونکوں سے بجھا دیں، لیکن اللہ اپنے نور کو مکمل کرکے رہے گا۔”
آخر میں انہوں نے حوزات علمیہ کے اساتذہ و طلبہ کو تعلیم و تربیت، اور تبلیغی جہاد کے میدان میں مزید بصیرت، شعور، اور حسینی عزم کے ساتھ آگے بڑھنے کی دعوت دی۔