رہبر معظم انقلاب کے مشیر علی لاریجانی کی ماسکو آمد: ایران کا پوٹن کو اہم پیغام
علاقائی تبدیلیوں اور دوطرفہ تعلقات پر تعمیری تبادلہ خیال

شیعیت نیوز : رہبر معظم انقلاب اسلامی کے اعلیٰ مشیر اور ایرانی پارلیمنٹ کے سابق اسپیکر علی لاریجانی نے ماسکو میں روسی صدر ولادیمیر پوٹن سے ملاقات کی اور اسلامی جمہوریہ ایران کا ایک اہم اور باضابطہ پیغام پہنچایا۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ملاقات کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ علی لاریجانی صدر پوٹن کے خصوصی ایلچی کی حیثیت سے ایران کا اہم پیغام لے کر روس گئے تھے، جس میں حالیہ علاقائی تبدیلیاں، بین الاقوامی حالات اور ایران و روس کے دوطرفہ تعلقات شامل تھے۔
یہ بھی پڑھیں : مسلمان حکمرانو! غزہ کے عوام کی مدد کے لیے اٹھ کھڑے ہوں، ایرانی پارلیمنٹ اسپیکر
بقائی نے مزید کہا کہ لاریجانی اور صدر پوٹن کے درمیان ایک تعمیری اور مثبت ملاقات ہوئی، جس میں خاص طور پر پچھلے تین سے چار ہفتوں کے دوران خطے میں ہونے والی تبدیلیوں اور دوطرفہ روابط پر مفصل تبادلہ خیال ہوا۔
انہوں نے زور دیا کہ کسی ملک کو خصوصی ایلچی بھیجنا ایک مکمل طور پر معمول کی سفارتی کارروائی ہے، جو حساس معاملات اور اہم حالات کے تناظر میں انجام دی جاتی ہے۔
اس سے پہلے کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے صحافیوں کو بتایا تھا کہ صدر ولادیمیر پوٹن نے ایرانی ایلچی علی لاریجانی کا خیرمقدم کیا۔
پیسکوف کے مطابق، لاریجانی نے مشرق وسطیٰ میں بگڑتی ہوئی صورتِ حال اور ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق حالات پر تہران کے موقف سے روسی صدر کو آگاہ کیا۔