علامہ ساجد نقوی کا شہید حسن ترابی کی برسی پر خراج عقیدت اور قومی وحدت کا پیغام

15 جولائی, 2025 16:59

شیعیت نیوز : علامہ سید ساجد علی نقوی نے ممتاز عالم دین، تحریک کے سابق صوبائی صدر اور متحدہ مجلس عمل کے صوبائی رہنما علامہ حسن ترابی شہید کی انیسویں برسی کے موقع پر ان کی قومی و ملی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی شخصیت کے اپنے نظریے یا مشن کے ساتھ وابستگی کے مختلف مدارج اور عملی کام کے مختلف انداز ہوتے ہیں جن کے ذریعے ان کی شخصیت دوسروں پر ظاہر ہوتی ہے۔

تاریخ اور تجربہ شاہد ہے کہ اپنے نظریے اور مشن کے ساتھ راسخ لوگ ہی اعلیٰ مرتبے اور ارفع درجے پر فائز ہوتے ہیں۔ وہ دنیا اور آخرت دونوں ہی میں سرخرو اور سرفراز ہوتے ہیں۔ مکتب اہل بیتؑ کی پوری تاریخ شہادتوں اور قربانیوں سے عبارت ہے۔

علامہ ساجد نقوی کا مزید کہنا ہے کہ بدقسمتی سے ایک مدت سے ارض پاک معصوموں اور بے گناہوں کے خون ناحق سے رنگین نظر آتی ہے۔ سامراجی قوتوں کی آنکھ کو کانٹا بننے والے قائدین ملت ہوں یا دین مبین اسلام کی ترویج و اشاعت میں مشغول علمائے کرام، اتحاد و وحدت کے فروغ میں مصروف اکابرین و سماجی شخصیات ہوں یا ملک کے قانون و امن پسند عام شہری — سبھی دہشت گردی کا نشانہ بنے۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیلی حملوں میں شہید 12 سائنسدانوں نے 100 سے زائد نئے سائنسدان بنائے، ایرانی وزیر خارجہ

کبھی انہیں حالت نماز میں گولیوں کا نشانہ بنایا گیا، کبھی نواسہ رسول ﷺ کی عزاداری کے دوران، اور کبھی حالت سفر میں بسوں سے اتار کر شناخت کے بعد اپنے ہی خون میں نہلا دیا گیا۔

علامہ ساجد نقوی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ریاست کی بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ گزشتہ چار دہائیوں کے دوران ملک کے طول و عرض میں ہونے والے سانحات جن میں مساجد، مدارس، امام بارگاہیں، عزاداری کے جلوس، مجالس، مزارات اور عوامی مقامات کو نشانہ بنایا گیا — ان کے پس پردہ عناصر کو بے نقاب کرے اور قاتلوں، سہولت کاروں اور سرپرستوں کو انصاف کے کٹہرے میں لاکر عبرتناک سزا دے۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان نے ایک بار پھر شہید علامہ حسن ترابی کے خانوادے اور عقیدت مندوں سے دلی تعزیت اور شہید کے درجات کی بلندی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سب سے بہترین طریقہ یہی ہے کہ ان اہداف و مقاصد کی تکمیل کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے جن کے لیے شہید نے اپنی زندگی وقف کر رکھی تھی۔

11:47 صبح اپریل 17, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔