وزیر داخلہ محسن نقوی زائرین کے مسائل کے حل کے لئے سہ ملکی کانفرنس کے لئے ایران پہنچ گئے
محسن نقوی نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای اور صدر مسعود پزشکیان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا

شیعیت نیوز : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایران کے سرکاری دورے کے پہلے روز اپنے ایرانی ہم منصب سے ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ تہران میں زائرین، سرحد کے مسائل اور دیگر معاملات پر سہ ملکی کانفرنس ہوگی۔
محسن نقوی نے تہران میں ایرانی ہم منصب اسکندر مومنی سے ملاقات کی۔
جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاک-ایران تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایران کے وزیر داخلہ نے کہا کہ اپنے بھائی کو ایران آمد پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں، یقیناً آپ کا دورہ پاک-ایران تعلقات کے فروغ میں معاون ثابت ہو گا۔
ایران ہمارا برادر ہمسایہ ملک ہے، دوطرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں، امید ہے کہ پاکستان، ایران اورعراق سہ ملکی کانفرنس سے زائرین کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔
محسن نقوی نے ایران کے آیت اللہ خامنہ ای اور صدر مسعود پزشکیان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں : عزاداران پر مقدمات تکفیری عناصر کے اشارے پر درج کیے گئے ہیں، علامہ احمد اقبال رضوی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی تہران میں زائرین اور سرحدی مسائل منعقد ہونے والی سہ ملکی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
کانفرنس میں ایران اور عراق کے وزرائے داخلہ بھی شریک ہوں گے۔
تہران میں زائرین، بارڈر اور دیگر متعلقہ مسائل کے حل کے لیے پاکستان کی درخواست پر سہ ملکی کانفرنس کا انعقاد ہو رہا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اس دورے میں ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے بھی ملاقات کریں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا ایران کے دارالحکومت تہران پہنچنے پر ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے استقبال کیا۔
ایران کی وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام، ایران میں پاکستان کے سفیر محمد مدثر ٹیپو، قونصلر آفتاب بٹ اور سفارتی افسران بھی موجود تھے۔