اہل بیتؑ و رہبر انقلاب کے بینرز ہٹانا ناقابلِ برداشت عمل ہے، رضویہ سوسائٹی میں احتجاج
شیعیت نیوز : کراچی کے علاقے رضویہ سوسائٹی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ایک افسوسناک کارروائی کے دوران اہلِ بیت اطہار علیہم السلام، شہدائے ملت، اور رہبرِ معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے اقوال و خطبات پر مشتمل پینافلیکسز اور بینرز کو بیدردی سے اکھاڑ پھینکا گیا۔
یہ پینافلیکسز رضویہ سوسائٹی کے مکینوں کی جانب سے نصب کیے گئے تھے، جن میں نہ صرف اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات کو اجاگر کیا گیا تھا بلکہ موجودہ عالمی استکباری قوتوں، خصوصاً امریکہ اور اس کی ناجائز اولاد اسرائیل کے مظالم کو بھی بے نقاب کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : عزاداری ہمارا قانونی و شرعی حق ہے، محرم کو خوف کا استعارہ نہ بنایا جائے، علامہ ساجد علی نقوی
شہریوں نے اس اقدام پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ آئمہ اطہار علیہم السلام، شہدائے ملت اور رہبرِ انقلاب اسلامی جیسی محترم ہستیوں کے اقوال اور تصاویر کو ہٹانا ایک ناقابلِ برداشت اور شرمناک عمل ہے، جس سے عوام کے مذہبی جذبات کو سخت ٹھیس پہنچی ہے۔
دوسری جانب، مقامی ذرائع کے مطابق، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے میں ایسے تمام بینرز کو بھی ہٹا دیا جن پر امریکہ اور اسرائیل کے خلاف نعرے درج تھے۔ اس اقدام کو عوامی حلقے یزیدی طرزِ فکر قرار دے رہے ہیں، جس کا مقصد حق و سچ کی آواز کو دبانا اور استکبار کی خوشنودی حاصل کرنا ہے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اس غیر آئینی اور غیر اخلاقی اقدام کی فوری تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے، تاکہ آئندہ کسی کو اہل بیت علیہم السلام اور رہبرِ انقلاب جیسے محترم شخصیات کی توہین کا موقع نہ ملے۔







