عزاداری ہمارا قانونی و شرعی حق ہے، محرم کو خوف کا استعارہ نہ بنایا جائے، علامہ ساجد علی نقوی

28 جون, 2025 17:24

شیعیت نیوز : شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے محرم الحرام 1447ھ بمطابق 2025ء کے آغاز پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ماہِ محرم ہمیں سیدالشہدا حضرت امام حسینؑ اور شہدائے کربلا کی شہادت کے ساتھ ساتھ ان کے مشن اور جدوجہد کی طرف متوجہ کرتا ہے۔

واقعاتِ کربلا کا ذکر شہدائے کربلا کے مشن اور جدوجہد کو تازہ کرنے کا ایک ذریعہ ہے۔ محافلِ عزاداری اور مجالسِ عزا کا انعقاد کیا جاتا ہے تاکہ حسینیت کے پاکیزہ مقاصد اور یزیدیت کے ناپاک عزائم کو دنیا کے سامنے واضح کیا جا سکے اور سیرتِ حسینؑ کی روشنی اور رہنمائی میں دورِ حاضر کے مسائل اور چیلنجز سے نبردآزما ہونے کے لیے لائحہ عمل اختیار کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں : توہین صحابہ کا الزام بے بنیاد، علامہ شہنشاہ نقوی کے دفاع میں شیعہ رہنماؤں کی پریس کانفرنس

امام حسینؑ کی شہادت اور واقعہ کربلا کی یاد منانے کے لیے صدیوں سے پوری دنیا میں عزاداری سیدالشہداء کا سلسلہ جاری ہے۔ دنیا کے ہر خطے میں بسنے والے مسلمان بلکہ تمام انسان اپنے اپنے انداز اور طریقے سے عزاداری مناتے ہیں اور امام حسینؑ کی لافانی جدوجہد کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ عزاداری سیدالشہداء ظلم و جبر کے خلاف مزاحمت کا جذبہ عطا کرتی ہے اور اس سے انسان کے ذاتی رویے سے لے کر اجتماعی معاملات میں تبدیلی رونما ہوتی ہے۔

علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ پاکستان کے آئین اور قانون کے مطابق عزاداری منانا ہر شہری کا آئینی، قانونی، مذہبی حق ہے جسے کوئی طاقت نہیں چھین سکتی۔ لہٰذا ایامِ عزا کی آمد سے قبل ملک میں سنسنی، خوف، بدامنی یا جنگ کا سماں پیدا کرنا یا کرفیو اور سنگینوں کے سائے تلے عزاداری و ماتمداری ہرگز قابلِ قبول نہیں۔

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کسی جنگ، خوف یا بدامنی کا پیغام بن کر نہیں آتا بلکہ ایامِ عزا شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کرنے اور ان کے کردار سے سبق حاصل کرنے کے ایک حسین موقع کے طور پر آتا ہے۔ لہٰذا سرکاری سطح پر محرم الحرام کو خوف کی علامت اور انتشار کا باعث قرار دینا محرم کے تقدس کی نفی کرتا ہے۔ اس صورتِ حال کا خاتمہ کرنا حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اولین ذمہ داری ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ تمام مسالک کے علماء، ذاکرین اور عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ باہمی احترام کو ملحوظِ خاطر رکھیں، اتحاد و وحدت کی فضا کو مزید مضبوط کریں اور برداشت کا ماحول پیدا کریں۔

4:45 شام اپریل 16, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔