محرم الحرام کے انتظامات، علامہ مقصود ڈومکی کا لاڑکانہ اجلاس میں کالعدم تنظیموں پر پابندی کا مطالبہ

28 جون, 2025 17:31

شیعیت نیوز : کمشنر لاڑکانہ ڈویژن طاہر حسین سانگی کی زیرِ صدارت محرم الحرام اور امن و امان کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی سمیت دیگر شیعہ عمائدین نے شرکت کی۔

اجلاس میں لاڑکانہ ڈویژن کے اضلاع جیکب آباد، شکارپور، کشمور، قمبر شہداد کوٹ اور لاڑکانہ کے ڈپٹی کمشنرز، ایس ایس پیز اور دیگر ضلعی و ڈویژنل افسران نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ: "ماہ محرم، دین اسلام کی بقا اور نواسۂ رسول حضرت امام حسینؑ کی عظیم قربانی کی یاد کا مہینہ ہے۔ مجالسِ عزا اور ذکرِ حسینؑ کے پروگرامات عبادت ہیں، ان میں شریک پولیس، سیکیورٹی ادارے اور خادمین بھی عبادت کے عمل میں شریک ہوتے ہیں۔”

انہوں نے زور دیا کہ وطن عزیز میں تمام مکاتبِ فکر — شیعہ، سنی، دیوبندی، بریلوی — کے درمیان مثالی اتحاد و ہم آہنگی قائم ہے، لیکن کچھ کالعدم شرپسند تنظیمیں، خصوصاً سپاہ صحابہ اور لشکر جھنگوی، فرقہ واریت اور نفرت کو ہوا دے رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : عزاداری ہمارا قانونی و شرعی حق ہے، محرم کو خوف کا استعارہ نہ بنایا جائے، علامہ ساجد علی نقوی

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں پر گہری نظر رکھی جائے اور ان کے شرپسند عناصر کو نیکٹا اور شیڈول فور کی فہرست میں شامل کیا جائے۔

علامہ مقصود علی ڈومکی نے جیکب آباد کی شبِ عاشور 2015 کے المناک سانحے کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا جس میں 29 عزادار شہید اور 59 زخمی ہوئے تھے۔ انہوں نے واپڈا حکام سے مطالبہ کیا کہ مجالس اور جلوسوں کے دوران بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے، خصوصاً رات کے اوقات میں لوڈشیڈنگ سے اجتناب کیا جائے کیونکہ اس سے سیکیورٹی اور نظم و نسق متاثر ہوتا ہے۔

مزید برآں، انہوں نے ضلع قمبر شہداد کوٹ میں کالعدم تنظیم کی جاری شرانگیزی کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ بھی کیا۔

اجلاس میں دیگر نمایاں شخصیات میں سید احسان شاہ بخاری (صدر انجمن سپاہ علی اکبر، جیکب آباد)، سید کامران علی شاہ (صدر وحدت یوتھ ونگ، لاڑکانہ ڈویژن)، علامہ سیف علی ڈومکی (صدر مجلس علمائے مکتبِ اہل بیتؑ، ضلع جیکب آباد) اور زوار شاہنواز جعفری (جنرل سیکرٹری جعفریہ الائنس، لاڑکانہ ڈویژن) شامل تھے۔

4:46 شام اپریل 16, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔