توہین صحابہ کا الزام بے بنیاد، علامہ شہنشاہ نقوی کے دفاع میں شیعہ رہنماؤں کی پریس کانفرنس

28 جون, 2025 17:17

شیعیت نیوز : محرم الحرام کے آغاز پر کراچی کے پاک محرم ہال میں شیعہ اکابرین ملت جعفریہ نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ محرم الحرام کے ایام تمام مسلمانوں کے لیے مقدس ایام ہیں۔ ان دنوں میں سب کو مل کر سید الشہداء حضرت امام حسینؑ کی عزاداری، ان کی سیرت، قربانی اور کارناموں کو یاد رکھنا چاہیے، مگر افسوس کہ پاکستان میں ایک مخصوص تکفیری ٹولہ مسلسل منفی کردار ادا کر رہا ہے۔

پریس کانفرنس میں شریک علماء میں علامہ ناظر عباس تقوی، علامہ باقر حسین زیدی، علامہ صادق جعفری، سید شبر رضا، ایس ایم نقی، غیور عباس، علامہ نقی نقوی، سرور علی اور دیگر شامل تھے۔

رہنماؤں نے واضح کیا کہ حالیہ دنوں پشاور میں عید غدیر کے موقع پر امام بارگاہ میں میلاد سے خطاب کرتے ہوئے خطیبِ پاکستان علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی نے جو گفتگو کی، وہ ملت جعفریہ کے عقائد کی ترجمانی تھی اور ان میں کوئی توہین یا اشتعال انگیزی نہیں تھی۔

انہوں نے کہا کہ میدانِ غدیر میں جب نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: ’’من کنت مولاہ فہٰذا علی مولاہ‘‘ تو سوا لاکھ صحابہ کرام نے مولا علیؑ کی ولایت کو تسلیم کیا۔ اس اعلان پر متعدد اہلِ سنت و اہلِ تشیع علمائے کرام نے بھی اپنی کتب میں مولا علیؑ کے فضائل اور ولایت کے باب پر تفصیل سے روشنی ڈالی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : محرم الحرام کا آغاز، کربلا کا پیغام اتحاد و مزاحمت کا عہد یاد دلاتا ہے: سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس

رہنماؤں نے کہا کہ علامہ شہنشاہ نقوی نے امام بارگاہ میں اپنے مجمع سے اپنے عقیدے کے مطابق بات کی۔ اگر یہ بات کسی کو ناگوار گزرتی ہے تو وہ نہ سنیں، مگر اس پر گرفت یا ایف آئی آر جیسے ہتھکنڈے قابل قبول نہیں ہوں گے۔

انہوں نے سوال کیا: "کیا آپ اپنے مدارس یا اجتماعات میں اپنے عقائد بیان نہیں کرتے؟ کیا ہم بھی ریلیاں نکالیں جب آپ کے عقائد ہمارے عقائد سے مختلف ہوں؟” انہوں نے سختی سے کہا کہ ہم اپنے عقائد کے اظہار پر کوئی پابندی قبول نہیں کریں گے۔

رہنماؤں نے علامہ شہنشاہ حسین نقوی کی حمایت میں کہا کہ وہ خطیبِ پاکستان ہیں، اور اگر ان کے خلاف کسی قسم کی قانونی یا غیر قانونی کارروائی کی گئی تو پوری ملت جعفریہ متحد ہو کر ان کا دفاع کرے گی۔

آخر میں مقررین نے شہر قائد کے بلدیاتی مسائل پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میئر کراچی نے محرم الحرام کے حوالے سے جو وعدے کیے وہ سب زبانی جمع خرچ ثابت ہوئے۔ آج بھی کراچی کے امام بارگاہوں کے اطراف میں صفائی نہ ہونے کے باعث گندگی اور غلاظت کے انبار لگے ہوئے ہیں۔ اگر ہمارے شہری مسائل حل نہ ہوئے تو ہم سڑکوں پر احتجاج کریں گے۔

6:35 شام اپریل 16, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔