جماعت اسلامی کے پی کے وفد کا ایرانی قونصلیٹ پشاور کا دورہ، ایرانی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا
اسرائیل نے گزشتہ دوسالوں سے غزہ میں انسانیت کو وحشیانہ بمباری کے زریعے ملیامیٹ کردیا ہے اور اس انسانیت سوز عمل میں امریکہ کھل کر اسرائیل کی پشت پر کھڑا ہے

شیعیت نیوز : جماعت اسلامی خیبر پختونخوا وسطی کے امیر عبدالواسع کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے پشاور میں ایرانی قونصلیٹ کا دورہ کیا۔
وفد نے ایران کے قونصل جنرل علی بنفشہ خاہ سے ملاقات میں ایران اور اسرائیل جنگ کی تازہ صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی اور اسرائیلی حملوں میں ایرانی شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے بلند درجات کے لیے دعا کی۔
وفد میں سابق رکن قومی اسمبلی اور جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری صابر حسین اعوان، نائب امراء مولانا ڈاکٹر محمد اسماعیل، صہیب الدین کاکاخیل، سابق صوبائی وزیر حافظ حشمت خان اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات نورالواحد جدون شامل تھے۔
جماعت اسلامی کے وفد نے اسرائیلی جارحیت کے مقابلے میں ایران کے جوابی جرات مندانہ کردار کو سراہا اور اسرائیل کو خطے میں قیام امن کے لئے زہرقاتل قرار دیا جس کے ہاتھ لاکھوں مسلمانوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے وفد کی سفیر ایران رضا امیری مقدم سے ملاقات
وفد کے سربراہ عبدالواسع نے کہا کہ اسرائیل نے گزشتہ دوسالوں سے غزہ میں انسانیت کو وحشیانہ بمباری کے زریعے ملیامیٹ کردیا ہے اور اسرائیل کے انسانیت سوز عمل میں امریکہ کھل کر اسرائیل کی پشت پر کھڑا ہے۔
ایران پاکستان کا دیرینہ دوست اور عالم اسلام کا اہم ترین ملک یے جو اس وقت عالم اسلام کے دفاع کا جنگ لڑ رہا ہے۔
آزمائش کی اس مشکل گھڑی میں جماعت اسلامی اور پاکستانی عوام ایران کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔
ایرانی قونصل جنرل علی بنفشہ خاہ نے جماعت اسلامی کے وفد کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ خطے میں اسلام دشمن عالمی سامراج اسرائیل کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے لئے ایران کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا۔