محرم الحرام کی آمد، علامہ مقصود ڈومکی کی وفد کے ہمراہ ڈی سی جیکب آباد سے ملاقات
شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر جیکب آباد نواب سمیر حسین لغاری سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
ملاقات میں ضلع میں امن و امان کی صورتحال، محرم الحرام کی آمد اور عزاداری کے اجتماعات کے سکیورٹی انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ضلع جیکب آباد میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال تشویشناک ہے۔
ماہ محرم سے قبل مؤثر سکیورٹی اقدامات ناگزیر ہیں تاکہ عوام خصوصاً عزادار خود کو محفوظ محسوس کریں۔
رضاکار اور اسکاؤٹس حسب روایت پولیس و رینجرز کے ساتھ عزاداری کے پروگراموں میں مکمل تعاون کریں گے۔
پولیس ہیڈکوارٹر میں حسب روایت اسکاؤٹس کے لئے پروگرام ہر سال کی طرح اس سال بھی پولیس کی زیرنگرانی رکھا جائے۔
خواتین کی مجالس عزاء میں سکیورٹی کے لئے لیڈیز پولیس کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں : محرم الحرام کے دوران عزاداروں کے مسائل حل کیے جائیں، علامہ احمد اقبال رضوی
محکمہ پولیس مزید لیڈی کانسٹیبلز بھرتی کرے تاکہ خواتین کے اجتماعات میں مؤثر سکیورٹی فراہم کی جا سکے۔
ضریح پاک امام حسینؑ کے حوالے سے سابق ڈپٹی کمشنر کا تحریری وعدہ تھا، اس پر عمل درآمد کیا جائے۔
مجلس وحدت مسلمین ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ مکمل تعاون پر یقین رکھتی ہے۔
قیام امن ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
ڈپٹی کمشنر نواب سمیر حسین لغاری نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور عوام کا باہمی تعاون ہی ضلع میں امن و امان کی ضمانت ہے۔
تحصیل اور سب ڈویژن کی سطح پر تمام ذمہ داران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ بانیان مجالس، عزاداروں اور دینی تنظیموں کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھیں۔
انتظامیہ عزاداری کے اجتماعات کی سکیورٹی اور دیگر انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے عزاداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔







