امام خمینیؒ نے مظلومین کو استکبار کے خلاف مزاحمت کا راستہ دکھایا، مولانا باقر عباس زیدی
شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے تحت امام خمینیؒ کی 36 ویں برسی کی مناسبت سے مجلسِ عزا کا انعقاد مسجد و محفل شاہ خراسان سولجر بازار میں کیا گیا۔ جس سے مجلس وحدت مسلمین سندھ کے صدر مولانا سید باقر عباس زیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام خمینیؒ کی آواز آج دنیا کے کونے کونے میں پھیل چکی ہے۔ امام خمینیؒ نے فلسطینیوں اور دنیا بھر کے مظلوموں کو مزاحمت کا راستہ دکھلایا۔
امام خمینیؒ نے لبنان اور فلسطین کی مزاحمتی تحریکوں کو طاقت بخشی اور مظلوموں کو حوصلہ دیا کہ وہ استکباری طاقتوں سے اپنے حقوق کو حاصل کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : عزاداری امام حسینؑ ہماری سرخ لکیر ہے، علامہ سید شہنشاہ نقوی
گزشتہ سالوں میں غاصب اسرائیل "ابراہیمی معاہدہ” کی تکمیل کی راہیں تلاش کررہا تھا اور فلسطینیوں کو کچلنے کا منصوبہ رکھتا تھا، لیکن حماس نے آپریشن طوفان الاقصیٰ کے ذریعے غاصب اسرائیل کو پیچھے دھکیل دیا۔ امریکہ غاصب اسرائیل کو کاندھے فراہم کرنے میں کوشاں ہے، مگر اب تک مظلوم فلسطینیوں کی شہادتوں کے علاوہ صیہونیوں کو کچھ بھی حاصل نہیں ہوسکا ہے۔
مولانا باقر عباس زیدی نے کہا کہ دنیا میں آج مزاحمتی قوتوں کی بالادستی اور عزت ولایتِ فقیہ کی وجہ سے ہے، جس نظریہ کو امام خمینیؒ نے پیش کیا۔ ولی فقیہ کی اطاعت میں مسلمانانِ عالم اور مظلومینِ جہاں کی بقا ہے اور یہی قیام امامؑ کی راہ ہموار کرنے کا راستہ بھی ہے۔
مجلسِ عزا میں مختلف قومی شخصیات نے شرکت کی۔ شاعر اہلبیت ثاقب رضا ثاقب، مجلس وحدت مسلمین سندھ کے برادر ناصر حسینی اور برادر ظہیر، مولانا صابر، بوترابؑ اسکاوٹس کے برادر محمد ضامن، پاک حیدری کے برادر عباس علی سمیت مومنین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔







