عزاداری امام حسینؑ ہماری سرخ لکیر ہے، علامہ سید شہنشاہ نقوی
شیعیت نیوز : مرکزی تنظیم عزاداری پاکستان کی جانب سے امروہہ گراؤنڈ انچولی سوسائٹی میں عزاداری و استحکام پاکستان کنونشن منعقد ہوا۔ صدارتی خطاب کرتے ہوئے علامہ شہنشاہ نقوی نے کہا کہ عزاداری امام حسینؑ اور پاکستان ہماری سرخ لکیر ہے، جبکہ پاکستان کی ہر دو نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے پاکستان کے عوام قربانیاں پیش کرنے کے لیے آمادہ ہیں۔
علامہ شہنشاہ نقوی نے کہا کہ عزاداری امام حسین علیہ السلام ہمارا مسئلہ حیات ہے جس پر ہمیں کسی قسم کی پابندی اور قدغن قبول نہیں۔ فورتھ شیڈول، لاؤڈ اسپیکر ایکٹ، مشی واک، جلوس ہائے عزا پر پابندیاں، چار دیواری کی بندش کے تدارک کے بغیر مسائل کا حل ممکن نہیں۔
یہ بھی پڑھیں : اہل بیتؑ کا ذکر مولانا طارق جمیل کا “جرم” بن گیا، تبلیغی اجتماع میں داخلہ بند
علامہ ناظر عباس تقوی نے کہا کہ اسلامیت اور پاکستانیت ہمارا تعارف ہیں، اور تمام مذاہب و مسالک کے درمیان یہی تعارف نقطۂ وحدت ہے۔ محرم کی آمد آمد ہے جو کہ تمام مسلمانوں کی مشترکہ میراث ہے، اسے باہمی اخوت اور بھائی چارے کے ساتھ منعقد کریں۔ کسی شرپسند کو مسلمانوں کے درمیان تفرقہ ڈالنے کی اجازت نہ دیں۔
کنونشن سے ایس ایم نقی نے بھی خطاب کیا، جبکہ شیعہ علماء کونسل، مجلس وحدت مسلمین، پاک محرم ایسوسی ایشن، جعفریہ الائنس، ذاکرین امامیہ، آئی ایس او اور دیگر تنظیموں نے بھی شرکت کی۔







