شہباز شریف کا ایران کے مثبت کردار کا اعتراف، پاک بھارت کشیدگی کم کرانے پر ایران کا شکریہ

18 مئی, 2025 17:08

شیعیت نیوز: وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم کرانے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مخلصانہ کردار کو سراہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی وزیر خارجہ کے حالیہ دورہ اسلام آباد اور جنگ بندی کی کوششیں ایک تعمیری اور مؤثر اقدام ہیں جو خطے میں امن و استحکام کے لیے اہم ثابت ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا پرستی ترک کر کے ہی مظلوم کا ساتھ دیا جا سکتا ہے، ایرانی صدر

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ:

"گزشتہ دہائیوں میں پاکستان اور بھارت کے درمیان تین جنگیں ہوچکی ہیں لیکن یہ جنگیں ہمارے بنیادی مسائل کا حل ثابت نہیں ہوئیں۔”

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کشمیر اور دہشت گردی جیسے تنازعات کا حل بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے ممکن ہے، اور ایران کا مثبت کردار امن کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ وہ مستقبل قریب میں تہران کا دورہ کریں گے جہاں وہ صدر پزشکیان سے خطے کے حالات اور دوطرفہ تعلقات پر گفتگو کریں گے۔

ٹیلی فونک گفتگو کے دوران ایرانی صدر نے پاک بھارت جنگ بندی کے آغاز پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ:

"اسلامی جمہوریہ ایران کا ہمیشہ یہ موقف رہا ہے کہ جنگ اور تشدد سے نہ صرف مسائل حل نہیں ہوتے بلکہ ان سے قوموں کے مصائب اور درد میں اضافہ ہوتا ہے۔ اختلافات کا پائیدار حل صرف امن، انصاف اور بات چیت کے ذریعے ہی ممکن ہے۔”

صدر پزشکیان نے ایران اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور پاک بھارت کشیدگی کے مکمل خاتمے کے لیے تہران کی مکمل آمادگی کا اظہار کیا۔

انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کے متوقع دورہ تہران کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ:

"یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت دینے اور مشترکہ چیلنجز پر مؤثر حکمت عملی کے لیے مفید ہوگا۔”

8:38 صبح اپریل 14, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔