یوم القدس: صیہونی بربریت کے خلاف عالم اسلام کی گونج
فلسطینیوں کی حمایت میں دنیا بھر میں احتجاج، غزہ کے شہداء کو خراجِ عقیدت

شیعیت نیوز: عالمی یوم القدس ناجائز صیہونی حکومت کے خلاف مظلوم اور بہادر فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی حمایت میں اور ان پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف، دنیا بھر کے کروڑوں لوگوں اور غیرت مند اقوام کے اظہارِ ہمدردی کا دن ہے۔
یوم القدس، ایران کے اسلامی انقلاب کے بانی امام خمینیؒ کی ابدی یاد اور دنیا کی آزاد اقوام کی بیداری کا دن ہے، جس میں مظلوموں کی حمایت کے ذریعے امتِ اسلامیہ کو اتحاد اور یکجہتی کی طرف بلاتے ہوئے فلسطینیوں کے ساتھ ہمدردی کے اظہار کے لیے میدانِ عمل میں اترنے کا درس دیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فلسطین کے مظلوم عوام کے حق میں ایران اور دیگر ممالک کی مشترکہ فوجی مشقیں
مگر اس سال کا یوم القدس، غزہ میں کئی ہزار فلسطینیوں کی شہادت کے ردعمل میں دنیا بھر میں فلسطین کے مظلوم عوام کی حمایت اور غاصب صیہونی رژیم کے خلاف عالمی سطح پر غم و غصے کے اظہار کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ اس سال کا یوم القدس طفل کش صیہونی حکومت کے غزہ پر جاری مظالم اور مقاومتی محاذ کے رہنماؤں کی شہادت کے خلاف احتجاج کا دن بھی ہے، جو گزشتہ سالوں سے بالکل مختلف ہے۔
گزشتہ سالوں کی طرح آج بھی رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو، امام خمینیؒ کی تاریخی دعوت اور رہبرِ معظم کے حکم پر لبیک کہتے ہوئے، ایران کے غیور عوام اسرائیل کے وحشیانہ جرائم کی مذمت کرتے ہوئے بیت المقدس کی آزادی کے لیے غزہ کی حمایت میں نعرے لگاتے ہوئے، مظلوم فلسطینیوں سے ہمدردی کا اظہار کر رہے ہیں۔
ذیل میں ایران کے مختلف صوبوں اور شہروں میں جاری یوم القدس کی ریلیوں کی تصویری جھلکیاں اور حماسہ آفرین مناظر قارئین و ناظرین کے لیے دلچسپی سے خالی نہیں ہوں گے۔