آئی او ملتان کے زیراہتمام سالانہ تمسک بالقرآن کانفرنس کا انعقاد
ملتان میں امامیہ آرگنائزیشن کے زیراہتمام منعقدہ تمسک بالقرآن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں نے کہا کہ اس مہینے میں قرآن کی تلاوت عظیم ثواب رکھتی ہے

شیعیت نیوز : امامیہ آرگنائزیشن پاکستان ملتان ریجن کے زیرِانتظام سالانہ تمسک بالقرآن کانفرنس کا انعقاد رضا ھال ملتان میں کیا گیا۔
علامہ سید علی رضا نقوی نے کہا قرآن مجید رشد و ہدایت کا سرچشمہ اور انسانیت کے لیے ضابطہ حیات ہے جو ہر دور کے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے مکمل راہنمائی فراہم کرتا ہے۔
ہر شئے کی بہار ہوتی ہے ماہ رمضان کی بہار قرآن پاک ہے، اس مہینے میں قرآن کی تلاوت عظیم ثواب رکھتی ہے، قرآنی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر اپنی زندگیوں کو سنوارنا چاہیے۔
قرآن کی تعلیمات سے آگاہی و وابستگی اور عمل پر زور دیتے ہوئے نوجوان نسل کو قرآن کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی تاکید کی۔
یہ بھی پڑھیں : پشاور، کالعدم دہشتگرد تنظیم کے دہشتگرد کو 14 سال کی قید سزا سنا دی گئی
دیگر علمائے کرام اور مقررین نے کہا کہ قرآن مکمل ضابطہ حیات ہے جس میں زندگی کے ہر پہلو کا احاطہ کیا گیا ہے اور معاشرتی تقاضوں کی وضاحت کی گئی ہے۔
ہم میں سے ہرفرد پر فرض ہے کہ خود بھی قرآن کا مطالعہ کرے اور دوسروں تک بھی ان قرآنی تعلیمات کو پہنچائے، کیونکہ یہ ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی رہنمائی کرتے ہیں۔
محفل میں عاشقانِ قرآن کی بڑی تعداد شریک ہوئی، جنہوں نے علمائے کرام کے ایمان افروز بیانات سے فیض حاصل کیا۔
شرکا نے اس روحانی اجتماع کو ایک کامیاب اور بامقصد کاوش قرار دیتے ہوئے امامیہ آرگنائزیشن پاکستان ملتان ریجن کے منتظمین کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔