ریاستی ادارے دہشتگرد عناصر کے نیٹ ورکس توڑنے کے لیے عملی اقدامات کریں، علامہ اشفاق وحیدی
ہم سکیورٹی کے بہانے مجالس و جلوس میں کسی رکاوٹ کو قبول نہیں کریں گے، علامہ اشفاق وحیدی

شیعیت نیوز: شیعہ علماء کونسل پاکستان کے رہنما اور سابق بین المذاہب و امن کمیٹی کے ممبر علامہ اشفاق وحیدی نے آمد شہادت ایام مولا امام علی علیہ السلام کے موقع پر ہونے والی مجالس و جلوسوں کے حوالے سے جاری اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ دہشتگرد عناصر ایک بار پھر ملک میں دہشتگردی اور فرقہ واریت پھیلانا چاہتے ہیں۔ ریاستی اور سکیورٹی ادارے ایسے عناصر کے نیٹ ورکس کو توڑنے کے لیے عملی اقدامات کریں۔
ایام شہادت مولا علی علیہ السلام قریب ہیں اور ملک میں سکیورٹی کی صورتحال ابتر ہے، حکومت و ادارے تمام مجالس و جلوسوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کے لیے اقدامات کریں، ہم سکیورٹی کے بہانے مجالس و جلوس میں کسی قسم کی رکاوٹ قبول نہیں کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں : نوشکی میں بس پر دھماکا: 7 جاں بحق، 20 زخمی
علامہ اشفاق وحیدی نے مزید کہا کہ تمام مذاہب کے علماء مل کر دہشتگردی اور فرقہ واریت کے خاتمے کے لیے آواز بلند کریں۔ آج دنیا جن چیلنجز کا سامنا کر رہی ہے وہ غربت، بے روزگاری اور فرقہ واریت ہیں، جس کی وجہ سے ہر طبقہ کا نوجوان پریشان نظر آتا ہے۔ معاشرے کی ترقی نظامِ علوی میں پوشیدہ ہے۔ آج اگر حکمران ملک کو مستحکم کرنا چاہتے ہیں تو ملک میں عادلانہ نظام کا قیام ضروری ہے۔