قوم ایسے اقدامات سے گریز کرے جو اس آگ کو مزید بڑھانے کا سبب بنے، صدر ملی یکجہتی کونسل
ایک بیان میں ملی یکجہتی کونسل کے صدر نے کہا کہ ہم نے ملی یکجہتی کونسل کا اجلاس لاہور میں طلب کر لیا ہے ان شا اللہ اس پر ایک متفقہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا

شیعیت نیوز : جمعیت علما پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کہا ہے کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں کرم میں امن وامان قائم کرنے میں ناکام ہوگئی ہیں۔
2 اکتوبر سے مرکزی شاہراہ بند ہے جس کے باعث کرم کا پورے ملک سے زمینی رابطہ منقطع ہے۔
کھانے پینے کا ذخیرہ ختم ہو چکا ہے، داوئیں ناپید ہیں جس کے باعث ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے۔
فرقہ وارانہ آگ میں سینکڑوں گھر اور خاندان تباہ ہو چکے ہیں لیکن افسوس ہمارے حکمراں اس آگ کو بجھانے میں ناکام ہوگئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : پاراچنار کے عوام پاکستان کی دفاعی فرنٹ لائن ہیں، ترجمان آئی ایس او کراچی
اب کراچی تک اس آگ کو پھیلانے کی سازش ہو رہی ہے اور ہمارے نااہل حکمراں حکمت و تدبر سے اس آگ کو بجھانے کے بجائے طاقت کا استعمال کر کے اس آگ کو مزید بڑھانے کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
ہم ملی یکجہتی کونسل کی طرف سے قوم سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس سازش کو سمجھیں اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جو اس آگ کو مزید بڑھانے کا سبب بن رہے ہیں۔
ہم نے ملی یکجہتی کونسل کا اجلاس لاہور میں طلب کر لیا ہے ان شا اللہ اس پر ایک متفقہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔