اہم ترین خبریںپاکستانپاکستان کی اہم خبریں

پاراچنار کے راستوں کی اڑھائی ماہ سے بندش حکومت کی سنگین نااہلی ہے، علامہ اقبال بہشتی

علماء، خواتین، بچوں اور جوانوں کی کثیر تعداد میں شرکت، مظلومین کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان

شیعیت نیوز: مجلس وحدت مسلمین ضلع اسلام آباد اور دیگر ملی تنظیموں کی جانب سے اسلام آباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی دھرنا چھٹے روز بھی جاری رہا۔ اس دھرنے میں بڑی تعداد میں علماء کرام، خواتین، بچے، بوڑھے اور جوان شریک ہوئے۔

دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما و مجلس علماء مکتب اہل بیت کے سینئر نائب صدر علامہ محمد اقبال بہشتی نے کہا کہ اڑھائی ماہ سے زائد عرصے سے پاراچنار کے راستے بند رکھنا حکومت کی نااہلی کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاراچنار کے چھ لاکھ محصورین کے ساتھ ملک بھر کے کروڑوں فرزندان اسلام کھڑے ہیں۔ مظلومین کو کسی بھی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

علامہ بہشتی نے ریاست کی ناکامی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ریاست کرم، پاراچنار کے عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سالہا سال سے شاہراہوں پر معصوم مسافروں کو قتل کیا جا رہا ہے، لیکن اب تک کسی ایک دہشت گرد کو سزا نہیں دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: مجاہد ملت علامہ حسن ظفر نقوی کی قیادت میں دھرنے کے دوران مجلس عزا، شخصیات کی بھرپور شرکت

مرکزی رہنما ایم ڈبلیو ایم انجینئر ظہیر نقوی نے کہا کہ روز بروز سیکورٹی فورسز اور مسافروں کو نشانہ بنانے والوں کو قانون کے احترام کرنے والوں کے برابر نہ سمجھا جائے۔

حکومت کے اقدامات پر سخت تنقید:
مجلس وحدت جی بی کے صوبائی نائب صدر علامہ نیئر مصطفوی نے حکومت کے رویے کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ کیسی ریاست ہے جہاں عوام فاقوں پر مجبور ہیں اور ادویات و اشیائے خوردونوش ختم ہو چکی ہیں، لیکن حکومت ان کے مطالبات پورے کرنے کے بجائے انہیں بلیک میل کرتی ہے۔

مجلس وحدت مسلمین کے رکن جی بی کونسل علامہ احمد نوری نے کہا کہ عوام کا امتحان لینا آئین اور قانون کے خلاف ہے۔ آپ عوام کی خدمت کے لیے ہیں، نہ کہ ان کے راستے بند کرنے کے لیے۔

دھرنے سے دیگر مقررین، بشمول مجلس وحدت مسلمین اسلام آباد راولپنڈی کے ضلعی صدر علامہ اعوان علی شاہ، اسداللہ چیمہ، علامہ امیر عباس، اور عوام نیشنل پارٹی کے رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ دھرنے کے شرکاء نے اعلان کیا کہ پاراچنار کے راستے کھلنے تک دھرنا جاری رہے گا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button