پاکستانی وفاقی وزیر اور ایرانی سفیر کی ملاقات: مذہبی ہم آہنگی کے فروغ پر اتفاق

18 دسمبر, 2024 20:23

شیعیت نیوز: مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستانی وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی چوہدری سالک حسین سے ایرانی سفیر ڈاکٹر امیری مقدم نے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران دنیا میں مذہبی عدم برداشت کے بڑھتے ہوئے رجحان، دہشت گردی، فرقہ واریت کے خاتمے، قیام امن اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے حوالے سے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستانی وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ آج مسلم ممالک جن چیلنجز اور حالات سے گزر رہے ہیں، اس میں ضرورت ہے کہ مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور وحدت کو فروغ دیا جائے۔ دنیا میں قیام امن کے لیے مذاہب اور تہذیبوں کے درمیان مکالمے کی اشد ضرورت ہے۔ برداشت اور احترام کا رویہ اسلامی تعلیمات کا لازمی جزو ہے۔ پاکستان اور ایران کو بین المذاہب اور بین الثقافتی مکالمے کے ذریعے دنیا میں مذہبی ہم آہنگی، امن اور برداشت کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: قاہرہ اجلاس مسلم ممالک کے اتحاد اور سازشوں کے خاتمے کا اہم موقع ہے، ایرانی صدر

ملاقات میں پاکستان اور ایران کے ساتھ اقتصادی، تجارتی اور ثقافتی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

ایرانی سفیر ڈاکٹر امیری مقدم نے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کو آئندہ ماہ ایران میں ہونے والی انٹرنیشنل قرآن کانفرنس میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران کو دہشت گردی کے خطرات کا سامنا ہے، جس کے تدارک کے لیے مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنے کی ضرورت ہے۔

ملاقات میں پاکستان اور ایران کے مابین انتہا پسندی اور شدت پسندی کے خاتمے اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ایک دوسرے سے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

3:01 صبح اپریل 17, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔