ایرانی صدر کی پاراچنار سانحے پر مذمت، پاکستانی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار
شیعیت نیوز: ارنا کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی صدر کے دفتر سے جاری تعزیتی پیغام میں کہا گیا ہے کہ میں پاکستان کے علاقے ضلع کرم میں آج ہونے والے دہشت گردی کے واقعے پر، جس کے نتیجے میں درجنوں افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے، پاکستان کی حکومت، عوام اور متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت پیش کرتا ہوں۔
ایرانی صدر نے کہا کہ دہشت گردی ہر شکل میں قابل مذمت ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران ماضی کی طرح اپنے دوست اور برادر ملک پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے دہشت گردی کے خلاف جنگ کو سنجیدگی سے جاری رکھے گا۔
یہ بھی پڑھیں: سانحہ پارہ چنار !قافلہ بڑا اور حفاظت پر مامور افراد کم ہیں !عینی شاہدین نے واقعہ سے قبل پولیس کو نشاندہی بھی کی تھی
ارنا کے مطابق، پاکستان کے علاقے پاراچنار سے پشاور جانے والی متعدد مسافر گاڑیوں پر مسلح دہشت گردوں نے حملہ کیا، جس میں عورتوں اور بچوں سمیت درجنوں افراد جاں بحق ہو گئے۔
مقامی میڈیا کے مطابق، شہداء کی تعداد 42 ہو گئی ہے۔ پاکستان کے شیعہ مسلمانوں نے اس دل دہلا دینے والے واقعے پر تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے اور دہشت گردانہ حملوں کے خلاف جمعے کو اسلام آباد میں مظاہرے کی کال دی ہے۔
پاکستان کی نمائندہ شیعہ تنظیمی ذرائع نے بتایا کہ تکفیری اور انتہا پسند قوتیں پاراچنار کے شیعہ باشندوں کو نشانہ بنانے کے لیے علاقائی تنازعات کا فائدہ اٹھا رہی ہیں۔
پاکستان کے صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے کرم ریجن میں شہریوں پر حملے کی شدید مذمت کی ہے اور متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
نمائندہ شیعہ جماعتوں میں سے ایک، مجلس وحدت مسلمین، نے بھی ایک بیان جاری کر کے پاراچنار کے نہتے شہریوں پر دہشت گردانہ حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔







