روس اور ایران کا بینکنگ نظام فعال، مقامی کرنسیوں میں ادائیگی کی سہولت کا آغاز
ایرانی بینکنگ کارڈز کو روسی اے ٹی ایم میں روبل نکالنے اور دونوں ممالک کے بینکنگ نظام کو مزید مربوط کرنے کا اعلان

شیعیت نیوز: ایران اور روس نے اپنے بینکنگ ادائیگی نظاموں کو مربوط کر کے ایرانی صارفین کے لیے روسی اے ٹی ایمز میں رقم نکالنے کی سہولت فراہم کر دی ہے، جس سے ایرانی بینکنگ کارڈ ہولڈرز روس میں روبل میں رقم وصول کر سکیں گے۔
ایران کے مرکزی بینک کے گورنر محمد رضا نے ملکی بینکوں کے چیئرمین کے ساتھ ایک تقریب میں یہ اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ادائیگی نظام کے اس مربوط عمل کے دوسرے مرحلے میں روسی عوام کو بھی ایران کے اے ٹی ایمز سے رقم نکالنے کی سہولت دی جائے گی۔ اسی مرحلے میں ایران کے شتاب کارڈز کو روس میں پی او ایس (POS) کے ذریعے قابل قبول بنایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : محمد بن سلمان کی اسرائیلی جارحیت کی مذمت، لبنان اور ایران پر حملوں پر جنگ بندی کا مطالبہ
گورنر محمد رضا نے مزید کہا کہ اس اہم پیش رفت کے پیچھے معاہدے کو رواں سال جولائی میں پیٹرزبرگ میں روسی بینک آف روسیا کی مالیاتی کانگریس کے دوران حتمی شکل دی گئی تھی۔ یہ معاہدہ ایران کے شتاب اور روس کے ایم آئی آر ادائیگی نظام کو مربوط کرنے کے لیے طے پایا تھا۔
گزشتہ برسوں میں، مغربی پابندیوں کے شکار ایران اور روس نے اپنے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دیا ہے۔ دونوں ممالک اس حوالے سے بھی بات چیت کر رہے ہیں کہ ڈالر پر مبنی بین الاقوامی سوئفٹ سسٹم کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک علیحدہ پیغام رسانی کا نظام قائم کیا جا سکے۔