اہم ترین خبریںپاکستان

ملتان، محرم الحرام کے انتظامات نہ ہونے پر لائسنسداران کا احتجاج

محرم الحرام کی آمد آمد ہے، اور جلوس عزا کے لائسنس داران کے انتظامیہ سے تحفظات، تمام لائسنس داران کی مشترکہ پریس کانفرنس

شیعیت نیوز :  ملتان کے برطانیہ دور کے قدیمی و مرکزی امام بارگاہوں کے لائسنس داران  نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے دوٹوک اور واضح انداز میں کہا ہے کہ ماہ محرم الحرام مذہبی تہوار ہے۔

جس کی آمد پر سرکاری سطح پر سیکورٹی سمیت مجالس عزا و ماتمی جلوسوں کے راستوں پرتمام سہولیات باقاعدہ معمولات کو دیکھتے ہوئے ضلعی انتظامیہ، میونسپل کارپوریشن ودیگر متعلقہ محکمہ جات مکمل تعاون کرتے ہیں۔

لیکن ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کا رویہ لائسنس داروں کے ساتھ تعاون کرنے کی بجائے انتہائی نامناسب ہے۔

مہیا کردہ ترقیاتی بجٹ کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔

کیونکہ یہ ٹینڈرز لائسنس داران کے ساتھ سنگین مذاق ہے جو کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔

برطانیہ دور کے قدیمی امام بارگاہوں کے روٹس جلوس کی مرمت کے لئے کوئی فنڈز ان ٹینڈرز میں مختص نہیں کئے گئے۔

تاہم  جو ترقیاتی فنڈز رکھے گئے ہیں ان سے ایک گلی میں دو بلب بھی نہیں لگ سکتے۔

یہ بھی پڑھیں : ایران میں یوم غدیر کا عظیم الشان جشن

اس حوالے سے جب ہم نے ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کیا تو ان کا ایک ہی جواب ملا کہ ان کے پاس فنڈز نہیں ہیں۔

وزیراعلی پنجاب غیرسنجیدہ صورتحال کا فی الفور نوٹس لیں۔

اگر یکم محرم تک ہمارے روٹس جلوسوں پر ترقیاتی کام مکمل نہ کرائے گئے تو ماتمی جلوس، جلوس روٹس پر روک دیں گے۔

احتجاج کے طور پر تمام تر مجالس عزا امام بارگاہوں کی بجائے چوکوں پر شروع کی جائیں گی۔

ہر حکومتی دور میں لائسنس داروں کو درپیش مسائل حل کیے جاتے ہیں۔

مگر اس سال ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مسائل کے حل کی بجائے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ افسوس ناک عمل ہے۔

ماہ محرم الحرام کی آمد میں چند روز باقی ہیں مگر ابھی تک ضلعی انتظامیہ نے ماتمی جلوسوں کے روٹس کا معائنہ تک نہیں کیا۔

 

 

متعلقہ مضامین

Back to top button