پاکستان

پرامن انتخابات کے انعقاد کو سبوتاژ کرنے کا منصوبہ ناکام بنائیں گے: وزیر اعظم

شیعیت نیوز: میڈیا ذرائع کے مطابق پاکستان کے صوبے بلوچستان میں ہونے والے دھماکوں کے حوالے سے اپنے بیان میں پاکستان کے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ امن و امان کی صورتحال کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ حکومت عام انتخابات کے پُرامن انعقاد کے لیے پُرعزم ہے۔

نگراں وزیراعظم نے دھماکوں کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار بھی کیا ہے۔

انہوں نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایات دی ہیں اور چیف سیکریٹری بلوچستان سے واقعات کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

علاوہ ازیں پاکستان کے نگراں وزیرِ داخلہ گوہر اعجاز نے بھی قلعہ سیف اللہ میں جے یو آئی ف کے دفتر کے باہر دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ایرانی سفارتخانے کی بلوچستان دہشتگردی کی شدید مذمت

انہوں نے کہا ہے کہ جان بحق ہونے والوں کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

الیکشن سے پہلے شرپسند افرا تفری پھیلانا چاہتے ہیں، شرپسند عوام کو اپنے حق رائے دہی کے استعمال سے روکنا چاہتے ہیں۔

گوہر اعجاز کا کہنا ہے کہ دشمن کے مذموم عزائم کو کسی قیمت پر کامیاب نہیں ہونے دیں گے، دہشت گردوں کا نہتے شہریوں پر وار انتہائی بزدلانہ فعل ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں عام انتخابات سے ایک روز قبل اس ملک کے صوبے بلوچستان کے دو اضلاع میں انتخابی دفاتر کے باہر دھماکے ہوئے ہیں۔

جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 28 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہو گئے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button