اہم ترین خبریںپاکستان

صدر وفاق المدارس الشیعہ حافظ ریاض نجفی سے بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات

شیعیت نیوز: وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر اور حوزہ علمیہ جامعة المنتظر کے پرنسپل آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی سے چیئرمین پیپلز پارٹی سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات کی۔ ملاقات میں علامہ محمد افضل حیدری، علامہ مرید حسین نقوی، علامہ صفدر نقوی، سابق وفاقی وزیر تعلیم سید منیر حسین گیلانی، ذوالفقار علی بدر، پیپلز پارٹی لاہور کے صدر چودھری اسلم گل، اور سابق ڈپٹی سپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا بھی موجود تھیں۔

حافظ ریاض نجفی نے زور دیا کہ سیاست کو گالم گلوچ اور بہتان بازی سے پاک ہونا چاہیے، ہمیں قوم کو متحد کرنے کی بات کرنی چاہیے۔ 8 فروری کے عام انتخابات کے نتیجے میں جو جماعت بھی اقتدار میں آئے، اسے غریب کی مشکلات کو حل کرنے، مہنگائی بیروزگاری کے خاتمے، ملکی استحکام اور قوم کو متحد کرنے کے ایجنڈے پر عمل کرنا چاہئیے۔ تاکہ دنیا میں پاکستان کی عزت اور وقار میں اضافہ ہو، ملک ترقی کرے۔

یہ بھی پڑھیں:ہم آئی ایم ایف کے غلام ہیں، ہمارے حکمران دنیا بھر سے بھیک مانگ رہے ہیں،علامہ حافظ ریاض نجفی
انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو نے عوام دوست سیاست کی اور قابل فخر کارنامے سرانجام دیے، جو آج بھی پاکستان کا سر فخر سے بلند کرتے ہیں۔ حافظ ریاض نجفی نے لاہور سے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلال بھٹو زرداری کے الیکشن میں حصہ لینے اور ان کی پنجاب پر توجہ کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی آبادی کا آدھے سے زیادہ حصہ پنجاب ہے، اس صوبے پر توجہ کے پاکستانی سیاست پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
حافظ ریاض نجفی سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ متحد رکھنے اور شائستگی کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں۔ نفرت اور تقسیم کی سیاست کو مسترد کرتے ہیں۔ اختلاف رائے کا اظہار بھی شائستگی سے ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم عوامی خدمت کا پروگرام لے کر آئے ہیں اور پیپلز پارٹی کو اقتدار میں آنے کا موقع ملا تو ملک ترقی کرے گا۔

حافظ ریاض نجفی نے بلاول بھٹو زرداری کو دعائیں دیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے وفاق المدارس الشیعہ کی سپریم کونسل کے رکن مفسر قرآن علامہ شیخ محسن علی نجفی رحمتہ اللہ علیہ کی وفات پر اظہار تعزیت کیا۔

مرحوم کے بلندی درجات کے لئے فاتحہ خوانی اور دعا بھی کی۔ بلاول بھٹو زرداری نے حوزہ علمیہ جامعتہ المنتظر کے امام خمینی ہال میں علامہ محمد افضل حیدری اور علامہ مرید حسین نقوی کے ہمراہ ولادت امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام کا کیک بھی کاٹا۔ تقریب کے موقع پر پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صدر امجد حسین ایڈووکیٹ، شہلا رضا اور سید منیر حسین گیلانی بھی موجود تھے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button