اہم ترین خبریںپاکستان

علامہ ہاشم موسوی کی نگران وزیر اعظم سے ملاقات،شیعہ ہزارہ کے تحفظات سے آگاہ کردیا

وزیراعظم سکریٹریٹ میں ایک تقریب کے اختتام پر علامہ سید ہاشم موسوی نے نگران وزیراعظم سے کہا کہ دہشگردی کے نتیجے میں ہمارے تقریباً دو ہزار افراد شہید کر دیئے گئے ہیں، لیکن آج تک ان میں سے کسی کے قاتل کو سزا نہیں دی گئی ہے۔

شیعیت نیوز: امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی نے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کے سامنے شیعہ ہزارہ قوم کے تحفظات پیش کر دیئے۔

آج وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وفاقی وزارت صحت کی جانب سے پولیو سے بچاؤ کے حوالے سے علماء و مشائخ کے کردار کے عنوان سے وزیراعظم سکریٹریٹ میں منعقدہ سیمینار میں امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی بھی کوئٹہ کے مومنین کی نمائندگی کے لئے شریک ہوئے۔

تقریب سے خطاب کرنے کے لئے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ بھی موجود تھے۔

جہاں علامہ ہاشم موسوی نے ان سے گفتگو کی۔ امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی سے رابطہ کرنے پر انہوں نے نگران وزیراعظم کے ساتھ ہونے والی گفتگو سے متعلق بتایا۔

انہوں نے کہا کہ پروگرام کے اختتام پر انہوں نے نگران وزیراعظم سے گفتگو کرتے ہوئے اپنا تعارف کروایا، بعد ازاں کوئٹہ کے مومنین کے تحفظات سے نگران وزیراعظم کو آگاہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں:آرمی چیف کو محب وطن قوم شیعہ ہزارہ کے تحفظات سے آگاہ کردیا ہے ،علامہ ہاشم موسوی
علامہ سید ہاشم موسوی نے اس موقع پر نگران وزیراعظم سے کہا کہ ماضی قریب میں دہشگردی کے نتیجے میں ہمارے تقریباً دو ہزار افراد شہید کر دیئے گئے ہیں، لیکن آج تک ان میں سے کسی کے قاتل کو سزا نہیں دی گئی ہے۔

آپ بعنوان ریاست کے ایک ستون کے، اس سلسلے میں کردار ادا کرتے ہوئے عدالتوں کے ذریعے ہمارے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں۔ جس پر نگراں وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے آزرگی پروگرام شروع کروایا۔

مکالمے کو آگے بڑھاتے ہوئے علامہ سید ہاشم موسوی نے کہا کہ ہمارے لئے درجہ اول میں ہمارے شہداء کے قاتلوں کا قصاص اہمیت کا حامل ہے۔

امام جمعہ نے وزیراعظم سے کہا کہ گذشتہ بیس سالوں کے دوران دہشتگردی کی آگ میں پاکستانی قوم کے ستر، اسی ہزار افراد شہید ہوگئے ہیں۔

لیکن افسوس اس بات کی ہے کہ اب انہی دہشتگردوں جیسے شفیق اور رمضان مینگل، لدھیانوی اور معاویہ اعظم کو انتخابات میں اجازت دے کر پاکستان کی مین سٹریم میں شامل کیا جا رہا ہے۔

جس سے دہشتگردی کی حوصلہ افزائی کے علاوہ پاکستان کو ایک بار پھر دہشت گردی کی آگ میں دھکیلنے کا خدشہ ہوگا۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ یہ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔

جس پر علامہ سید ہاشم موسوی نے کہا کہ آپ بحیثیت وزیراعظم اپنا اختیار استعمال کرکے دہشتگردوں کو روک سکتے ہیں۔

نگران وزیراعظم نے کہا کہ ہم دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں اور لشکر جھنگوی پر لعنت بھیجتے ہیں۔

جس پر علامہ ہاشم موسوی نے کہا کہ صرف مذمت سے کام نہیں بنتا، عملی اقدامات کے ذریعے دہشتگردوں کا راستہ روکیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button