دنیا

غزہ سے متعلق ووٹنگ میں ہندوستان کی غیر حاضری کو کانگریس لیڈر نے شرمناک بتایا

شیعیت نیوز: اقوام متحدہ میں غزہ جنگ سے متعلق ہونے والی ووٹنگ میں ہندوستان کی غیر حاضری پر کانگریس نے مرکز کی مودی حکومت کو ہدف تنقید بنایا ہے۔

دہلی سے ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق غزہ میں جنگ بندی کے بارے میں ایک قرارداد پر ووٹنگ ہوئی جس میں ہندوستان نے حصہ نہیں لیا۔ ووٹنگ سے ہندوستان کےغیرحاضر رہنے پر کانگریس نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے حکومت ہندوستان کے اس اقدام کو ہدف تنقید بنایا اور شرمناک بتایا ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق کانگریس کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے اس سلسلے میں مرکز کی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اس اقدام کو شرمناک قرار دیا ہے۔

پرینکا گاندھی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’’ایکس‘‘ (سابقہ ​​ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں کہا کہ میں حیران اور شرمندہ ہوں کہ ہمارے ملک نے غزہ میں جنگ بندی کے حق میں ووٹ نہیں دیا۔

یہ بھی پڑھیں : شام میں امریکی اڈے التنف پر عراقی اسلامی مزاحمت کا ڈرون حملہ

انہوں نے کہا کہ فلسطین میں انسانیت کو تباہ کیا جا رہا ہے، یہ ان اقدار کے خلاف ہے جن پر ہمارا ملک قائم رہا ہے۔

انہوں نے ہندوستان کے اصولوں کو یاد دلاتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک کی بنیاد عدم تشدد اور سچائی کے اصولوں پر رکھی گئی تھی، وہ اصول جن کے لئے ہمارے آزادی پسندوں نے اپنی جانیں قربان کیں، یہ اصول آئین کی بنیاد ہیں، جو ہماری قومیت کا تعین کرتے ہیں۔

پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’انسانیت کے ہر قانون کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں، لاکھوں لوگوں کے لئے خوراک، پانی، طبی سامان، مواصلات اور بجلی منقطع کر دی گئی ہے اور فلسطین میں ہزاروں مرد، عورتیں اور بچے مارے جا رہے ہیں، اس معاملے میں ایک موقف اختیار کرنے سے انکار کرنا اور ہر اس چیز کے خلاف جس کے لئے ہمارا ملک بحیثیت قوم کھڑا رہا، خاموش تماشائی بنے رہنا ناقابل قبول ہے۔‘‘

واضح رہے کہ جمعہ کے روز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اردن کی طرف سے پیش کی گئی قرارداد پر ہندوستان نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا جس میں غزہ میں انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button