ایرانی وزارت خارجہ کی ہالینڈ میں قرآن کریم کی توہین کی شدید مذمت

شیعیت نیوز: ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ہالینڈ میں قرآن کریم کی توہین کی تکرار کی شدید مذمت کی ہے۔
ناصر کنعانی نے کہا ہے کہ ہالینڈ کی حکومت دنیا کی 2 ارب سے زائد مسلم آبادی کی مذہبی اقدار اور مقدسات کی توہین کو روکنے کے لیے اپنی ذمہ داریوں کو سمجھے اور آزادی کے نام پر ایسے نفرت انگیز اقدامات کو دہرانے سے گریز کرے۔
ارنا کے مطابق، مشہور اسلام مخالف گروہ پیگیڈا کے سربراہ نے، 23 ستمبر بروز ہفتہ، ایک گھناؤنے فعل میں، ہالینڈ میں ترکی کے سفارت خانے کے سامنے ایک بار پھر قرآن کریم کی بے حرمتی کی۔
یورپی ممالک میں حالیہ مہینوں میں قرآن کریم کی توہین کئی بار ہو چکی ہے اور اسلامی ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں کے احتجاجی ردعمل کے باوجود یہ سلسلہ جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کی سیٹلائٹ ٹیکنالوجی میں حیرت انگیز پیش رفت، مزید 2 سیٹلائٹس مدار پر بھیجنے کا اعلان
یاد رہے کہ انتہا پسند اسلام مخالف گروہ پیگیڈا کے سرغنہ اڈوین واگنسولڈ نے ہالینڈ میں ترکی کے سفارت خانے کے سامنے 23 ستمبر بروز ہفتہ کو ایک گھناؤنی حرکت انجام دیتے ہوئے ایک بار پھر قرآن کریم کی بے حرمتی کی۔
قرآن مجید کی توہین کے خلاف ایران اور پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں زبردست احتجاج ہوا اور اس کی مذمت کی گئی جبکہ اسلامی تعاون تنظیم نے آزادی اظہار کے نام پر قرآن مجید اور دیگر مذہبی کتابوں کے تقدس کو مجروح کرنے کی تمام کوششوں کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ ایسے اشتعال انگیز اقدامات کے خلاف متحد ہوجائیں ۔
او آئی سی نے اس بات پر زور دیا کہ اظہار رائے کی آزادی کا استعمال ذمہ داری اور فرض کے احساس کے ساتھ ہونا چاہیے۔ متفقہ کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے او آئی سی نے رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ سویڈن اور ڈنمارک سمیت ان ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات میں مناسب فیصلے اور اقدامات کرنے پر غور کریں جہاں قرآن کی بے حرمتی ہو رہی ہے۔
واضح رہے کہ یورپی ممالک اس نوعیت کی حرکتوں کو روکنے کے بجائے، اسے آزادی اظہار کے بہانے اور بھی فروغ دے رہے ہیں، جبکہ انہی ممالک میں صیہونی حکومت اور غیر اخلاقی مسائل کے خلاف اٹھنے والی ہر طرح کی آواز کا گلا گھونٹ دیا جاتا ہے۔