اہم ترین خبریںپاکستان

متحدہ علماء محاذ کے تحت پیغام شہدائے کربلا و وحدت امت سیمینار

شیعیت نیوز: متحدہ علماء محاذ پاکستان کے بانی سیکریٹری جنرل مولانا محمد امین انصاری کی دعوت پر محاذ کے مرکزی سینئر وائس چیئرمین علامہ محمد حسین مسعودی کی زیر صدارت، خطیب پاکستان مولانا انتظارالحق تھانوی کی زیر سرپرستی مرکزی سیکریٹریٹ گلشن اقبال میں 16ویں سالانہ پیغام شہدائے کربلا و وحدت امت سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔

پیغام شہدائے کربلا و وحدت امت سیمینار میں شریک مختلف مکاتب فکر کے جید علماء مشائخ و ذاکرین نے اپنے خطاب میں کہا کہ شہدائے کربلا بقائے اسلام کا محور ہیں، یزیدی و استعماری قوتوں اور ظلم کے خلاف وحدت و بیداری پیغام کربلا ہے، سانحہ کربلا نے انسانیت کو حسینیت اور یزیدیت کے دو حصوں میں تقسیم کردیا۔

انہوں نے کہا کہ دین کی سربلندی اور ظلم و جبر کے خلاف جدوجہد کرنے والے حسینی اور کفر و ظلم کا ساتھ دینے والے یزیدی ہیں، اسلام و ملک دشمن سامراجی قوتیں پاکستان میں شیعہ سنی کے نام پر مسلمانوں اور پاکستان کو کمزور، منتشر کرکے اپنا محکوم بنانا چاہتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : انجمن شرعی شیعیان کشمیر کے اہتمام سے شہداء کربلا کانفرنس کا انعقاد

مقررین نے کہا کہ پاکستان کے محب وطن، قانون پسند شیعہ سنی علماء و عوام، فرقہ واریت، دہشت گردی، مذہبی منافرت، یزیدیت، تکفیریت، شدت پسندی کے خلاف اور اہل بیت اطہارؑ و اصحاب رسولؐ کی ناموس و عظمت کے تحفظ و تقدس کیلئے متحد و بیدار ہیں، پاکستان موجودہ سنگین ابتر صورت حال میں کسی صورت بھی فرقہ واریت کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

پیغام شہدائے کربلا و وحدت امت سیمینار سے علامہ عبدالخالق فریدی سلفی، مولانا سلیم اللہ خان ترک، علامہ عبدالماجد فاروقی، علامہ ڈاکٹر مفتی عبدالغفور اشرفی، علامہ مفتی ابونصر غلام فرید چشتی، مولانا پروفیسر ڈاکٹر سید شمیل احمد قادری حنبلی، علامہ سید سجاد شبیر رضوی، مولانا منظرالحق تھانوی، علامہ سید طاہر جمال تھانوی، علامہ ڈاکٹر شاہ فیروزالدین رحمانی، علامہ زاہد حسین مشہدی، مفتی وجیہہ الدین، علامہ مرتضیٰ خان رحمانی، علامہ علی سرکار نقوی و دیگر نے خطاب کیا جبکہ معروف نعت و منقبت خواں خواجہ پیر سید معاذ علی نظامی اور شاہ حسین الدین رحمانی نے بارگاہ اہل بیت اطہار و اصحاب رسول ؐ کی شان اقدس میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button