اقوام متحدہ اجلاس: وزیراعظم پاکستان کا سعودیہ ایران تعلقات بحالی کا خیرمقدم
ہندو توا سمیت ہر قسم کی دہشت گردی کے انسداد کا مطالبہ

شیعت نیوز: نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78 ویں اجلاس سے خطاب میں مطالبہ کیا ہے کہ ہندوتوا انتہاپسندی سے متاثر سمیت ہر قسم کی دہشت گردی کا انسداد کیا جائے اور کشمیر کو پاک-بھارت امن کی بنیاد قرار دیا۔
نگران وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان شام اور یمن میں تنازعات کے خاتمے کا خیرمقدم کرتا ہے، خاص طور پر سعودی عرب اور ایران کے درمیان تعلقات کی بحالی کا بھی خیرمقدم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے فلسطین میں اسرائیل فوج کی کارروائیاں، فضائی حملے، آبادکاری میں توسیع اور فلسطینیوں کے انخلا کے ساتھ ظلم جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پائیدار امن صرف دو ریاستی حل سے ممکن ہے اور 1967 سے قبل کی سرحدوں کے ساتھ فلسطینی ریاست کے قیام سے امن ہوگا، جس کا دارالحکومت القدس شریف ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم ڈنمارک اور سویڈن کی جانب سے کی گئی قانون سازی کا آغاز کرنے کا خیرمقدم کرتے ہیں
پاکستان اور او آئی سی اسلاموفوبیا روکنے کے لیے مزید اقدامات تجویز کرتے ہیں، جس میں نمائندہ خصوصی کی تعیناتی سمیت اسلاموفوبیا ڈیٹا سینٹر کا قیام، متاثرین کو قانونی تعاون اور اسلاموفوبیا جرائم پر سزا کے لیے احتساب کا نظام وضع کیا جائے۔