مشی کے جلوس ، پورا لاہور لبیک یاحسینؑ کے نعروں سے گونجتا رہا
شیعیت نیوز: لاہور میں اربعین شہدائے کربلا کے موقع پر مشی کے جلوس برآمد ہوئے، جن میں خواتین، بچے، مرد، بزرگوں تمام شہریوں نے لاکھوں کی تعداد میں شرکت کی۔
لاہور کی تمام شاہراہوں پر سیاہ پرچم ہاتھوں میں تھامے، لبیک یاحسینؑ کی صدائیں لگاتے لوگ کربلا گامے شاہ پہنچے۔
لاہور میں اڈہ پلاٹ سے رائیونڈ روڈ پر ہوتے ہوئے عزادار ٹھوکر نیاز بیگ پہنچے جہاں سے براستہ ملتان روڈ کربلا گامے شاہ آئے۔ اسی طرح جعفریہ کالونی سے بھی مشی کا جلوس براستہ ملتان روڈ کربلا گامے شاہ پہنچا۔
چونگی امر سدھو، رینجرز ہیڈکوارٹرز جوڑے پل، رضوان گارڈن، امامیہ کالونی، جیا موسیٰ، کوٹ عبدالمالک سمیت دیگر علاقوں سے بھی عزاداروں کی ایک بڑی تعداد کربلا گامے شاہ پہنچی۔
یہ بھی پڑھیں : چہلم امام حسین کے مرکزی جلوس میں خانوادہ شیعہ لاپتہ افراد کا احتجاج
رضوان گارڈن سے شروع ہونی والی مشی کے جلوس میں صحافی کالونی، ہربنس پورہ، مغلپورہ، دھرم پورہ سمیت کینال روڈ کے ملحقہ علاقوں سے عزاداروں کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔
چونگی امر سدھو سے آنے والے قافلے میں قینچی، ماڈل ٹاون، نصیر آباد، کوٹ لکھپت، گارڈن ٹاون، مسلم ٹاون، اچھرہ، مزنگ اور دیگر علاقوں سے عزادار شریک ہوئے۔
قومی مرکز اور گلبرگ سے بھی مشی کا جلوس برآستہ شادمان، لارنس روڈ سے ہوتا ہوا، مزنگ روڈ، پرانی انار کلی، سی پی او اور سول سیکرٹریٹ سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پہنچا۔
عزاداروں نے ہاتھوں میں سیاہ پرچم اٹھا رکھے تھے جن پر لبیک یاحسینؑ، لبیک یا مہدیؑ، لبیک یا زہراؑ، لبیک یا زینبؑ، درج تھے۔ عزادار اپنے ننھے بچوں اور اہل خانہ سمیت لبیک یا حسینؑ کی صدائیں لگاتے منزل مقصود پر پہنچے۔
اس موقع پر تمام راستوں میں لنگر اور دودھ اور شربت کی سبلیوں کا خصوصی اہتمام کیا گیا تھا۔