اہم ترین خبریںپاکستان

کربلا میں اربعین امام حسینؑ عالمی دستہ عزا اور استکبار مخالف عظیم اجتماع ہے، صدر حسن عارف

شیعیت نیوز: امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر حسن عارف نے کہا ہے کہ کربلا میں اربعین امام حسین علیہ السلام کا اجتماع ایک عالمی دستہ عزا اور استکبار مخالف عظیم اجتماع ہے، اربعین امام حسین علیہ السلام کے موقع پر کربلا میں دو کروڑ سے زائد افراد کی موجودگی بتا رہی ہے کہ دنیا اب ظالموں کے خلاف متحد ہو چکی ہے، امام حسینؑ کا قیام مظلوموں کیلئے ظلم کے خلاف قیام کا پیغام ہے۔

انہوں نے کہا کہ گستاخ امام مہدی علیہ السلام قاضی نثار کو گرفتار کرکے گلگت بلتستان کے امن کو داؤ پر لگانے کی کوشش کو ناکام بنایا جائے، توہین صحابہ بل مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کے خلاف گہری سازش ہے، ملک میں شیعہ سنی متحد ہیں، ڈیل آف سنچری کے ذریعے عرب کے خائن حکمرانوں کو ملا کر فلسطین کا سودا کرنے کی کوشش ناکام ہو چکی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں چہلم امام حسینؑ کے مرکزی جلوس میں ایم اے جناح روڈ پر آئی ایس او کے تحت باجماعت نماز ظہرین کے دوران سے ہزاروں نمازیوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ باجماعت نماز ظہرین مولانا محمد امین شہیدی کی زیر اقتدا ادا کی گئی۔

مرکزی صدر آئی ایس او حسن عارف نے کہا کہ کربلا کا پیغام ظلم کے خلاف عملی احتجاج سے عبارت ہے، امام حسینؑ کے قیام کی تاثیر ہے جو ہمارے اندر ظلم کے خلاف نفرت اور احتجاج کا جذبہ پیدا ہوتا ہے، اس ہی جذبے کے ساتھ عالمی شیطانی نظام کے خلاف امام خمینیؒ نے جس مزاحمت کا آغاز کیا تھا، وہ مزاحمت آج بھی اسی استقامت کے ساتھ جاری ہے، فلسطین، لبنان، یمن، شام، عراق، نائیجیریا، ایران، پاکستان سمیت دنیا بھر کے مظلومین اس ہی جذبہ کا اظہار کرتے ہوئے ظالموں سے برسرپیکار ہیں اور شیطان بزرگ امریکہ کے خلاف سینہ سپر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : شہریوں کی سلامتی و تحفظ میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کیجائے گی، جسٹس (ر) مقبول باقر

انہوں نے کہا کہ ریاستی اداروں نے تکفیری شرپسند عناصر کے ایماء پر توہین صحابہ کے عنوان سے متنازعہ قانون سازی کرکے وطن عزیز میں انتشار کو ہوا دی ہے، یہ بل شیعہ اور سنی کے خلاف ہی نہیں بلکہ یہ اسلام کے خلاف ہے، اس بل کی آڑ میں تکفیری اسلام دشمنوں کو مقدس مرتبہ و مقام دلانے کی کوشش کر رہے ہیں، یہ یزید کو رضی اللہ بنوانا چاہتے ہیں، ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے والے امریکی ایجنٹوں کی سازش کو ناکام بنائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان پاکستان کی شہ رگ ہے، جہاں اہل تشیع ہمیشہ اتحاد امت کے داعی رہے ہیں اور اتحاد امت کی فضاء کا فروغ اور امن و سلامتی کا درس دیا ہے۔

حسن عارف نے کہا کہ گستاخ امام مہدی علیہ السلام قاضی نثار کو گرفتار کرکے گلگت بلتستان کے امن کو داؤ پر لگانے کی کوشش کو ناکام بنایا جائے۔

مرکزی صدر آئی ایس او نے کہا کہ امام حسینؑ صرف شیعوں کے امام نہیں ہیں بلکہ وہ تو انسانیت کے محسن ہیں، قراقرم یونیورسٹی میں یوم حسینؑ منانے پر طلباء کو یونیورسٹی سے نکالنا اسلام دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے، یہ اقدام کرنے والے یزید کے روحانی فرزند ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں پائیدار امن کیلئے ضروری ہے کہ دہشت گردی کا جڑ سے خاتمہ کیا جائے اور تکفیری دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کو قوم کے سامنے بے نقاب کیا جائے اور جہاں یہ دہشت گرد پلتے ہیں اور تکفیر کے فتوے نکلتے ہیں، ان فیکٹریوں کو ہمیشہ کیلئے نابود کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ عزاداری امام حسینؑ ہماری شہ رگ ہے، چار دیواری میں مجالس کے انعقاد پر ایف آئی آر کا اندراج کا عمل آئین و قانون کی خلاف ورزی ہے اور یہ عمل کرکے ریاستی ادارے خود ملک میں فرقہ واریت پھیلا رہے ہیں، جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔

نماز ظہرین کے بعد عزادارانِ سید الشہداءؑ نے شیطان بزرگ امریکہ، اسرائیل، سوئیڈن اور ان کے حواریوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور امریکی، اسرائیلی و سوئیڈش پرچم نذرِ آتش کئے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button