ایران

ایران سویڈن میں قرآن مجید کی توہین کی وجہ سے اس ملک میں نئے سفیر نہیں بھیجے گا

شیعیت نیوز: ایک باخبر شخص نے اطلاع دی ہے کہ ایران سویڈن میں قرآن مجید کی توہین کی وجہ سے اس ملک میں نئے سفیر نہیں بھیجے گا۔

سویڈن میں قرآن کریم کی توہین کے باعث، وزارت خارجہ کے پاس اس ملک میں فی الحال نئے سفیر بھیجنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔

حالیہ دنوں میں سویڈن میں پولیس کی اجازت سے ایک شخص کی جانب سے قرآن پاک کو نذر آتش کرنے کے گھناؤنے فعل کے بعد پوری دنیا کے مسلمانوں کی مقدس کتاب کی توہین کی وجہ سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیں : مقبوضہ فلسطین، ہفتہ وار ملک گیر مظاہرے نیتن یاہو کے لئے درد سر بن گئے

دوسری جانب ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے فرانس کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے عوام کے ساتھ پرتشدد سلوک بند کرے اور شہریوں کے پر امن احتجاج کے حق کا احترام کرے۔

رپورٹ کے مطابق ناصر کنعانی نے فرانس میں پولیس کی فائرنگ سے17 سالہ نوجوان کی ہلاکت کے بعد پھوٹنے والے حالیہ مظاہروں کی شدت میں اضافے پر فرانسیسی حکومت اور پولیس پر زور دیا کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تشدد سے گریز کریں اور مظاہرین کے مطالبات کو تسلیم کریں۔

کنعانی نے مزید کہا کہ مہاجر آبادی کے ساتھ امتیازی سلوک اور یورپی ممالک کے اپنے غلط رویوں پر اصرار نے یورپ بشمول فرانس کے شہریوں کے لئے مشکلات کھڑی کر دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فرانسیسی حکومت سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ انسانی وقار، آزادی بیان اور شہریوں کے پرامن احتجاج کے حق پر مبنی اصولوں پر عمل کرتے ہوئے اپنے لوگوں کے ساتھ پرتشدد سلوک کا خاتمہ کرے گی۔

وزارت خارجہ کے ترجمان نے فرانس میں بدامنی کی غیر متوقع صورت حال کے پیش نظر اس ملک میں مقیم ایرانی شہریوں سے کہا کہ وہ شہر میں غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں۔

واضح رہے کہ حالیہ ہفتوں میں فرانس میں پرتشدد مظاہروں کے سبب سرکاری اور ذاتی املاک کو نقصان پہنچانے کے عمل میں شدت آگئی ہے اور پیرس میں ٹرانسپورٹ بری طرح متاثر ہوا ہے جب کہ صورت حال بدستور کشیدہ ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button