اہم ترین خبریںپاکستان

آئی ایس او کراچی کے زیراہتمام عارفِ کامل مولانا آغا جعفر نقویؒ کی برسی کی مناسبت سے تعزیتی اجتماع

علامہ عقیل صادقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آغا جعفر نقویؒ مرحوم کی تقاریر و دروس کا محور زیادہ تر نفیس اور اسکی تربیت ہوتا تھا

شیعیت نیوز: امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام معلم اخلاق و عرفان، عارف کامل حضرت حجتہ الاسلام و المسلمین مولانا سید آغا جعفر نقویؒ کی برسی کے موقع پر امام بارگاہ مدینۃ العلم گلشن اقبال کراچی میں تعزیتی اجتماع کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر علامہ سید صادق رضا تقوی، علامہ عقیل عباس صادقی و غلام حسین گوکل نے خطاب کیا۔ نشست میں آغا جعفر نقویؒ کے شاگردان سمیت شرکاء کی بڑی تعداد موجود تھی۔ تعزیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے علامہ صادق رضا تقوی نے کہا کہ جتنے بھی عرفا گزرے، وہ شریعت و طریقت و حقیقت سے سازگار عرفان رکھنے والے تھے، حضرت امام خمینیؒ، رہبر معظم امام خامنہ ای، شہید قائد علامہ عارف حسینیؒ، علامہ آغا جعفر نقویؒ مرحوم کا عرفان خدا محور ہے، سخت سے سخت حالات میں بھی آغا جعفر نقویؒ مرحوم کی زندگی میں عبودیت کے جلوے نظر آئے، آغا جعفر نقوی نے آخر وقت تک لوگوں کی مدد و رہنمائی کی۔

یہ بھی پڑھیں: قوم نے ملک میں فتنہ فساد، انتشار اور افراتفری پیدا کرنے کا منصوبہ ناکام بنا دیا، وزیر اعظم شہباز شریف

علامہ عقیل صادقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آغا جعفر نقویؒ مرحوم کی تقاریر و دروس کا محور زیادہ تر نفیس اور اسکی تربیت ہوتا تھا، آغا جعفرؒ مرحوم کی یاد منانے، انہیں خراج تحسین پیش کرنے، انکے دروس سے استفادہ کرنے کے مثبت اعمال ہمارے اپنے نامہ اعمال میں لکھے جائیں گے۔ مولانا سید آغا جعفر نقویؒ کے شاگرد غلام حسین گوکل نے کہا کہ آغا جعفر نقویؒ مرحوم نے حضرت امام خمینیؒ کی شخصیت کو اس حد تک اپنایا کہ امام خمینیؒ کی ذات میں اپنے آپ کو فنا کر لیا، مرحوم آغا جعفر نقویؒ جن چیزوں کو اہم سمجھتے تھے، ہم بھی انہیں اہم سمجھتے ہوئے انہیں خصوصیات کو اپنے اندر پیدا کرکے ان کی یاد منائیں۔ تعزیتی اجتماع میں شاعر اہلبیتؑ جعفر عسکری جعفر نے اپنے مخصوص انداز میں عارف کامل حضرت مولانا سید آغا جعفر نقویؒ کے حضور نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ مجلس برسی کا اختتام دعائے سلامتی امام زمانہ (ع) سے ہوا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button