سعودی عرب

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ٹیلیفونک رابطے

شیعیت نیوز: امریکہ کی جانب سے دوسرے ممالک پر روس سے تعلقات منقطع کرنے کے بین الاقوامی دباؤ ہے۔ اس کے باوجود سعودی عرب کے ذرائع ابلاغ نے روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان ٹیلیفونک رابطے کی خبر دی ہے۔

سعودی عرب کے سرکاری میڈیا نے خبر دی کہ گزشتہ روز روس کے صدر نے محمد بن سلمان سے ٹیلیفونک گفتگو کی۔

دونوں رہنماوں کے درمیان ٹیلیفونک رابطے پر ہونے والی مشاورت کے دوران فریقین نے روس اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ نیز دونوں فریقین نے دوطرفہ باہمی دلچسپی کے امور کا جائزہ لیا۔

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور پیوٹن کے درمیان یہ بات چیت ایسے موقع پر انجام پائی جب امریکہ کی جانب سے دوسرے ممالک پر روس سے تعلقات ختم کرنے کے لئے بین الاقوامی دباؤ موجود ہے۔ روس پر یہ دباؤ یوکرائن جنگ کے بہانے بڑھایا جا رہا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ سعودی عرب نے روس اور یوکرائن دونوں ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات بنا رکھے ہیں۔ گزشتہ ماہ جدہ میں عرب لیگ کے سربراہی اجلاس میں سعودی عرب نے یوکرائن کے صدر ولادیمیر زلنسکی کی میزبانی کی تھی۔ جب کہ اس اجلاس کے کچھ ہی روز بعد روسی وزیر داخلہ نے سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : فتاح ہائپر سونک میزائل کی کامیابی سے فرانس بھی پریشان

دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے سعودی عرب میں ابھی شام کے وقت خلیج فارس کے عرب ممالک کے وزرائے خارجہ سے ایک اجلاس کے دوران ملاقات و گفتگو کی۔

یہ اجلاس ریاض میں خلیج فارس کے رکن ممالک کے امریکہ سے اسٹریٹجک تعلقات کو مضبوط کرنے کے لئے منعقد ہوا۔ نیز اس اجلاس کا ثانوی ہدف اپنے دوست ممالک کے ساتھ عرب ملکوں کے تعلقات کا فروغ بھی تھا۔

امریکی وزیر خارجہ نے اس اجلاس میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے دو ریاستی حل پر عملدرآمد کے لئے کوششیں تیز کی جائیں۔

انٹونی بلنکن نے دعویٰ کیا کہ ہم شام کے بحران کے حل اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق شامی عوام کی آرزوں کی تکمیل کے لئے سرگرداں ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button