تکفیری دہشت گردوں کا پاک ایرا ن سرحدی علاقے میں حملہ، 2 پاکستانی سکیورٹی اہلکار جانبحق
وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ سکیورٹی اہلکاروں نے جرات و جوانمردی سے دہشتگردوں کا حملہ پسپا کیا۔

شیعیت نیوز: ملک دشمن تکفیری دہشت گردوں نے پاکستان ایران سرحد کے ساتھ بلوچستان کے ضلع کیچ میں سکیورٹی فورسز کی چوکی کو حملے کا نشانہ بنایا ہے۔ جس میں دو سکیورٹی اہلکار جانبحق ہو گئے ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح حملہ آوروں نے کیچ کے علاقے سنگوان میں سکیورٹی فورسز کے چیک پوسٹ پر فائرنگ کی۔ جس پر سکیورٹی اہلکاروں نے جوابی فائرنگ کی۔ فائرنگ کے تبادلے کے بعد شرپسند عناصر فرار ہو گئے۔ تاہم اس دوران سکیورٹی فورسز کے دو اہلکار سپاہی حسنین اشتیاق اور سپاہی عنایت اللہ جانبحق ہو گئے۔ حملے کے بعد وزیراعلیٰ بلوچستان، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی اور کوئٹہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصلیٹ نے واقعہ کی مذمت کی۔
یہ بھی پڑھیں: فرزند رسول حضرت امام علی رضا علیہ السلام کی ذاتِ گرامی عالم انسانیت کے لئے رہبر و رہنماء اور اسوہ ہیں، علامہ مقصود ڈومکی
وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ سکیورٹی اہلکاروں نے جرات و جوانمردی سے دہشتگردوں کا حملہ پسپا کیا۔ امن دشمنوں کے مزموم مقاصد کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے وطن کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ پوری قوم اپنے شہداء کو سلام پیش کر رہی ہے۔ قومی اسمبلی کے اسپیکر راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی نے اپنے بیان میں کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم تخریب کاری کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے جاں بحق اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ کوئٹہ میں واقعہ ایرانی قونصلیٹ نے سماجی رابطہ کی ویب سائٹ پر واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس حملے میں شہید ہونے والے بہادر سپاہیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انکے خاندانوں سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کرتے ہیں۔